عراق اور الجیریا میں نقل روکنے کیلیے اسکول امتحانات کے دوران انٹرنیٹ سروس بند

ویب ڈیسک  جمعـء 22 جون 2018
امتحانات کے اوقات میں ملک بھر میں انٹرنیٹ بند رہےگا، الجیرین وزیرتعلیم (فوٹو: فائل)

امتحانات کے اوقات میں ملک بھر میں انٹرنیٹ بند رہےگا، الجیرین وزیرتعلیم (فوٹو: فائل)

عراق اور الجیریا نے ہائی اسکول کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک نے نقل سے پاک امتحانات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے انتہائی اقدام اٹھایا ہے اور پرچوں والے دن ملک بھر میں امتحانی اوقات میں انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الجیریا کی وزارت تعلیم نوریا نے قومی ریڈیو پر انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 سے 25 جون کے دوران روزانہ صبح کے اوقات میں دو گھنٹوں کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانی عمل میں نقل کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، ملک بھر کے 2 ہزار امتحانی مراکز میں موبائل جیمرز، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست بہار میں امتحانی مرکز میں جوتے اور موزے پہن کر آنے پر پابندی

دوسری جانب عراق نے بھی اسکول امتحانات میں نقل روکنے کے لیے ملک بھر میں امتحانات کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔ قبل ازیں مصر نے گزشتہ سال بھی انٹرنیٹ سروس کی بندش سے امتحانی عمل کو نقل سے پاک کرنے کی کوشش کی تھی۔

عراق، مصر اور الجیریا کے علاوہ بھارت، ایتھوپیا اور دیگر ممالک نے بھی امتحانی پرچے لیک ہونے اور نقل کا مواد انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلنے سے روکنے کے لیے انٹرنیٹ سروس معطل رکھی تھی جب کہ پاکستان میں امتحانات کے دوران موبائل فونز امتحانی مراکز لانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔