پی آئی اے حج آپریشن کیلیے تیار؛ 50 ہزار عازمین حج کو سعودیہ پہنچایا جائے گا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 جون 2018
عازمین حج کا کراچی سے کرایہ 84 ہزار اور ملک کے دوسرے شہروں سے 93 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔  فوٹو: فائل

عازمین حج کا کراچی سے کرایہ 84 ہزار اور ملک کے دوسرے شہروں سے 93 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی آئی اے نے حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی،150پروازوں کے ذریعے 50ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے قبل ازحج آپریشن کے دوران فضائی بیڑے میں شامل زیادہ گنجائش والے بوئنگ 777اور ائیر بس 320ساختہ طیارے استعمال کیے جائیں گے، پی آئی اے اس سال اپنے ہی طیاروں سے ہی حج آپریشن مکمل کرے گی۔

پی آئی اے حج آپریشن کے دوران عازمین کو جدہ اور مدینہ پہنچائے گی، عازمین حج کا کراچی سے کرایہ 84 ہزار جبکہ ملک کے دوسرے شہروں سے 93 ہزار مقرر کیا گیا ہے، حج کرایوں میں گزشتہ سال کی نسبت 2 ہزار روپے کی کمی بھی کردی گئی ہے۔

عازمین حج کی روانگی کیلیے قبل ازحج آپریشن 14جولائی سے شروع ہو کر 15 اگست تک جاری رہے گا ، فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کیلیے بعد ازحج آپریشن پی آئی اے کا فضائی آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔