محمد حفیظ کے ڈوبتے کیریئر کو ’’لائف لائن‘‘ مل گئی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 جون 2018
 یاسر شاہ کی واپسی،راحت علی باہر،آصف علی کو ایک روزہ، صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کا موقع ملے گا۔ فوٹو:فائل

 یاسر شاہ کی واپسی،راحت علی باہر،آصف علی کو ایک روزہ، صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کا موقع ملے گا۔ فوٹو:فائل

 لاہور:  دورئہ زمبابوے کیلیے احمد شہزاد کی دونوں اسکواڈز سے چھٹی ہوگئی جب کہ محمد حفیظ کے  ڈوبتے کیریئر کو ’’لائف لائن‘‘ مل گئی۔

پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز یکم سے 8 جولائی تک شیڈول ہے، بعدازاں گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کیخلاف 5ون ڈے میچز بھی کھیلنا ہیں، ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر آؤٹ آف فارم احمد شہزاد دونوں اسکواڈز سے باہر کردیے گئے،محمد حفیظ کی واپسی ہوگئی۔

احمد شہزاد کا خلا صاحبزادہ فرحان پُر کریں گے، جارح مزاج اوپنر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، محمد عامر دونوں ٹیموں میں شامل ہیں،راحت علی ٹیم ست باہر ہوگئے،پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کم بیک کرنے والے پیسر کو مختصر فارمیٹ کے کسی میچ میں شرکت کا موقع نہیں دیا گیا تھا، پیسر اسکاٹ لینڈ کیخلاف سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

پاکستان کے 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے، امام الحق اچھی فارم میں نہ ہونے کے باوجود شامل ہیں، عماد وسیم اور رومان رئیس کو انجریز سے مکمل صحتیاب نہ ہونے کی وجہ سے زیر غور نہیں لایا گیا۔

سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں انجرڈ ہونے والے عثمان شنواری واپس آگئے، یاسر شاہ کا بھی ون ڈے ٹیم میں کم بیک ہوا ہے،کراچی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوران انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے آصف علی کو زمبابوے میں ون ڈے ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔

16رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد(کپتان) فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم (فٹنس سے مشروط)، آصف علی، حارث سہیل، سرفراز احمد کپتان، محمد نواز، شاداب خان، یاسر شاہ، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، جنید خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔