سندھ کے 137 اسسٹنٹ کمشنرز، پنجاب میں ایک ہزار انسپکٹر تبدیل

تقرریوں میں سیاسی مداخلت سے اجتناب کیاجائے،الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

تقرریوں میں سیاسی مداخلت سے اجتناب کیاجائے،الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

 لاہور /  اسلام آباد /  کراچی / پشاور:  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں ایک ہزار پولیس انسپکٹرز، 2 ڈی سی اوز اور صوبہ سندھ میں 137 اسسٹنٹ کمشنرزکے تقرر و تبادلے کی منظوری دے دی جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبائی الیکشن کمشنر نے 9 افسروں کے تبادلے روکنے کی درخواست کی ہے.

الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان تقرریوں یا تبادلوں میںکوئی سیاسی اثر یا مداخلت نہ ہوسکے۔ اسی طرح کسی بھی افسرکو اپنے آبائی ضلع میں تعینات نہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے حکم پر پنجاب پولیس کے ایک ہزار پولیس انسپکٹرزکو ریجنز بدرکردیا گیا ہے، گزشتہ روز اس سلسلے میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

مزیدبرآں آئی جی پنجاب سید کلیم امام کی طرف سے جاری ہونے والے احکام کے مطابق راولپنڈی ریجن سے47، جھنگ سے 4 ، فیصل آباد سے 46، سیالکوٹ سے13، گجرات سے27 جبکہ گوجرانوالہ سے 57 انسپکٹرز لاہور پولیس میں رپورٹ کریں گے ۔

سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز سے انسپکٹر یاسر مطلوب اور ذوالفقار علی کو بھی لاہور پولیس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسرے اضلاع سے لاہور پولیس رپورٹ کرنے والے انسپکٹرز کی تعداد 197 ہے۔ لاہورکے 221 انسپکٹروں کے دوسرے ریجنز میں تبادلے کیے گئے ہیں جن میں سے 106 انسپکٹروں کو گوجرانوالہ ،8آپریشن ونگ ، 55 فیصل آباد اور53 راولپنڈی ریجن میں بھیجے گئے ہیں۔

شیخوپورہ ریجن کے 59 انسپکٹروں میں سے 30 سرگودھا ، 28 ساہیوال اور ایک کا تبادلہ فیصل آبادکیا گیا ہے۔ فیصل آباد ریجنزکے 89 انسپکٹروں میں سے 39 گوجرانوالہ اور 50 انسپکٹروں کا لاہور تبادلہ کیا گیا ہے۔ سرگودھا ریجن کے 77انسپکٹروں میں سے 30 شیخوپورہ جبکہ 47 انسپکٹروں کا ساہیوال ریجن تبادلہ کیاگیا ہے۔گوجرانوالہ ریجن سے 162 انسپکٹروںکا تبادلہ کیاگیا ہے جن میں سے 32 کو راولپنڈی، 35 فیصل آباد اور 95 کولاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

راولپنڈی ریجنزکے 79 انسپکٹروں میں سے 31گوجرانوالہ اور 48 کا لاہور تبادلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ساہیوال ریجن کے 65 انسپکٹروں میں سے 38 شیخوپورہ ریجن جبکہ27 کو سرگودھا ریجن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملتان کے 92 انسپکڑوں میں سے 48 کا ڈی جی خان اور 44 کا تبادلہ بہاولپور ریجن میں کیاگیا ہے۔

ڈی جی خان ریجن کے 72 انسپکٹروں میں سے 60 کا تبادلہ ملتان جبکہ 12 انسپکٹروں کا تبادلہ بہاولپور ریجن میںکیا گیا ہے۔ اسی طرح بہاولپور ریجن کے 48 انسپکٹروں میں سے 19 کوڈی جی خان جبکہ 29 انسپکٹروں کو ملتان رپورٹ کرنے کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔ تبدیل ہونے والے تمام پولیس انسپکٹرزکو فوری چارج چھوڑکر متعلقہ ریجنز میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تقرری و تبادلوں کے لیے دو شرائط رکھی ہیں۔ جن میں سیاسی اثرو رسوخ کے بغیر تبادلے اور متعقلہ ڈومیسائل والے ضلع میں انسپکٹرکو ایس ایچ او تعینات نہیںکیا جائیگا۔

خبر ایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ بھر سے مزید افسران تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔ کراچی سمیت 6 ڈویژن سے137افسران ہٹانے کی منظوری دیدی گئی۔ الیکشن کمیشن نے نگران سندھ حکومت کی بھیجی گئی سمری منظور کر لی۔

نگراں سندھ حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے مطابق تمام اضلاع سے ایڈیشنل اور اسسٹنٹ کمشنرز ہٹائے جانے کی سفارش کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے کراچی سمیت سندھ بھر سے33  ایڈیشنل ڈی سیز، کراچی ڈویژن سے41اسسٹنٹ کمشنرزکو بھی تبدیل کرنے کی منظوری دے دی جبکہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور بینظیرآباد ڈویژں سے افسران ہٹانے کی منظوری دے دی۔

ادھرکے پی کے صوبائی الیکشن کمشنر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 9 افسران کے تبادلے روکنے کی درخواست کردی ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن کولکھے گئے مراسلہ میںکہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں9افسران کے تبادلے انتخابات کو متاثر کرسکتے ہیں۔ افسران کو الیکشن کمیشن نے ڈی آر او اور آر او تعینات کیا تھا، 4 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 5 ریٹرننگ افسران کے تبادلے منسوخ کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔