سندھ کابینہ کا اجلاس؛ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 جون 2018
الیکشن لا اینڈ آرڈر سیل قائم کر دیا، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر انتخابات سے3 دن قبل کنٹرول روم قائم کرینگے، سیکریٹری داخلہ۔ فوٹو: فائل

الیکشن لا اینڈ آرڈر سیل قائم کر دیا، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر انتخابات سے3 دن قبل کنٹرول روم قائم کرینگے، سیکریٹری داخلہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  نگراں سندھ کابینہ نے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پرنگرانی کیلیے کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پولنگ کے عمل کوریکارڈ کیا جا سکے۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن کی زیرصدارت سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزرا ، چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان،آئی جی پولیس سندھ امجد جاوید سلیمی اور دیگر متعلقہ صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نگراں حکومت کا اہم ہدف تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے آزادانہ، صاف و شفاف عام انتخابات کا انعقاد ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے سندھ میں 4154 بہت زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کی ہے، جس میں کراچی میں1977، حیدرآباد میں 1206، میرپورخاص میں 176، شہید بینظیرآباد میں 124، سکھر میں 289 اور لاڑکانہ میں 382 شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تقریباً 17606 پولنگ اسٹیشنز ہونگے جن میں سے 4350 بہت زیادہ حساس، 7999 حساس اور 5257 نارمل ہیں۔ کابینہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے سیکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر جنریٹرز کے انتظامات کے ساتھ نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں۔

آئی جی پولیس سندھ امجد جاوید سلیمی نے کابینہ کو پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن امان کی عمومی صورتحال اطمینان بخش ہے حالانکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کو مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں سیاسی گروپوں کے مابین تصادم کا خدشہ بھی ہے۔

آئی جی سندھ نے کراچی ٹارگیٹڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2013 میں دہشت گردی عروج پرتھی جب دہشت گردی کے 51 واقعات رونما ہوئے اور اب 2018 میں یہ صفر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بہت زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار، حساس پر 4 اور نارمل پولنگ اسٹیشن پر 2 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

سیکیورٹی پلان کے حوالے سے آئی جی سندھ نے کہا کہ 106982 پولیس اہلکار بشمول 16000 ریزرو تمام پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔