کون فیس بک پر کتنا وقت گزارتا ہے؟ اب نئے فیچر سے نگرانی ہوگی

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 جون 2018
آپ کتنی دیر آن لائن رہتے ہیں اب فیس بک حساب رکھے گا۔ فوٹو : فائل

آپ کتنی دیر آن لائن رہتے ہیں اب فیس بک حساب رکھے گا۔ فوٹو : فائل

سان فرانسسكو: کون سا صارف فیس بک پر کتنا وقت گزارتا ہے اس کی نگرانی کے لیے فیس بک انتظامیہ نے ایک نئے فیچر پر کام کرنا شروع کردیا۔ 

فیس بک عوام میں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ ہے اور اسے استعمال کرنے والے جہاں بھر سے آنے والی دوستوں کی پوسٹس، تصاویر اور ویڈیوز میں اتنے محو ہوجاتے ہیں کہ وقت کا اندازہ ہی نہیں ہو پاتا۔ کئی صارفین تو دن میں 24 گھنٹے وقفے وقفے سے لاگ ان ہوتے رہتے ہیں اور کمنٹس کے جواب دیتے رہتے ہیں جب کہ کچھ تو ہر وقت فیس بک پر پائے جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا کا یوں بے دریغ استعمال بہت سی سماجی، جسمانی اور ذہنی پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے اس لیے ماہرین طب نیٹ کے استعمال کو محدود کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ اہل خانہ کو وقت دیا جاسکے اور ایک دوسرے کے ساتھ فطری تعلق میں مضبوطی لائی جائے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے بھی اپنے صارفین کے اوقات کار کی نگرانی کے لیے نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے جو جلد دستیاب ہوگا تاہم ابھی اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ایک معروف ویب سائٹ نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک صارفین کے گزارے ہوئے اوقات کار پر نظر رکھنے کے لیے جو فیچر متعارف کرانے والی ہے اُس کے ذریعے صارفین کی آن لائن ہسٹری سے متعلق اعدادوشمار کو جمع کیا جائے گا جس سے پتا چلایا جا سکے گا صارف نے کتنی دیر تک فیس بک کی ایپ استعمال کی ہے تاہم ابھی یہ فیچر تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔