پرویزخٹک ڈھائی کروڑ روپے کے مقروض نکلے

ویب ڈیسک  اتوار 24 جون 2018
پرویزخٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے زرعی زمین کے مالک ہیں، دستاویزات فوٹو : فائل

پرویزخٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے زرعی زمین کے مالک ہیں، دستاویزات فوٹو : فائل

 اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کی زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ انہیں 2  کروڑ 52 لاکھ روپے قرض کی ادائیگی بھی کرنی ہے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا اور تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ  اثاثہ جات کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈھائی کروڑ روپے کے مقروض اور کرائے کے گھر میں مقیم ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پرویزخٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کی زرعی زمین کے مالک ہیں اور ان کے پاس 2012 ماڈل کی گاڑی بھی ہے جس کی قیمت 13 لاکھ 67 ہزار روپے ہے، پرویزخٹک کی اہلیہ 53 تولے سونے کی مالک ہیں۔

دستاویزات میں تحریر ہے کہ پرویزخٹک نے ایک دوست کو40 لاکھ روپے قرضہ دیا ہے جب کہ انہوں نے خود 2 کروڑ 52 لاکھ روپے قرض کی ادائیگی بھی کرنی ہے اور وہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔