فیفا ورلڈ کپ؛ ارجنٹائن روٹھی قسمت کو منانے کیلیے کوشاں

اے ایف پی  منگل 26 جون 2018
مشکل صورتحال میں گھری آسٹریلوی ٹیم کا پیرو سے میچ،ڈنمارک اور فرانس مقابل
 فوٹو : اے ایف پی

مشکل صورتحال میں گھری آسٹریلوی ٹیم کا پیرو سے میچ،ڈنمارک اور فرانس مقابل فوٹو : اے ایف پی

سینٹ پیٹرز برگ: ارجنٹائن منگل کو ورلڈ کپ میں اپنی روٹھی قسمت کو منانے کی آخری کوشش کرے گا ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کیلیے نائیجیریا پر لازمی فتح درکار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسی روز گروپ ڈی میں آئس لینڈ کے کروشیا کو اپ سیٹ کرنے پر زیادہ گول کرنے والی ٹیم آگے جائیگی، ادھر گروپ سی میں آسٹریلیا کو بھی ایسی صورتحال درپیش ہے، پیرو پر بڑے مارجن سے کامیابی کیساتھ اسے فرانس کی ڈنمارک پر جیت کیلیے دعا بھی کرنا ہوگی۔  ورلڈ کپ کے گروپ سی اور ڈی سے پری کوارٹر  فائنلز میں قدم رکھنے والی ٹیموں کا حتمی فیصلہ منگل کو ہوگا، اس روز سب سے اہم معرکہ ارجنٹائن اور نائیجیریا کے درمیان ہے، کروشیا کی ٹیم دونوں میچز جیت کر پہلے ہی لاسٹ 16 میں قدم رکھ چکی جبکہ نائیجیریا کے 3 پوائنٹس ہیں، ارجنٹائن کو آئس لینڈ سے ڈرا میچ کی وجہ سے ایک پوائنٹ ملا جبکہ اسے کروشین سائیڈ سے شکست کا سامنا دیکھنا پڑا تھا، اس لیے میسی کی ٹیم کو لازمی فتح درکار ہے، اس صورت میں اسکے 4 پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن اگر آئس لینڈ کی ٹیم کروشیا کیخلاف اپ سیٹ کرے تو اسکے ارجنٹائن جتنے پوائنٹس ہوجائیں گے، یوں جس ٹیم کے گول زیادہ ہوئے وہی اگلے راؤنڈ میں جائیگی، کروشیا کی نگاہیں گروپ لیڈر کے طور پر اگلے راؤنڈ میں رسائی پر مرکوز ہیں۔

اسی طرح گروپ سی میں فرانس کی ٹیم  دونوں میچز جیت کر پہلے ہی لاسٹ 16 میں پہنچ چکی، دوسرے نمبر پر چار پوائنٹس کیساتھ ڈنمارک موجود ہے، منگل کو ان دونوں میں مقابلہ ہوگا جبکہ اسی گروپ میں شامل آسٹریلیا اور پیرو بھی برسر پیکار ہونگے، اگر فرنچ ٹیم ڈنمارک کو زیر کرے اور آسٹریلیا پیرو کیخلاف کامیابی حاصل کرلے تو ڈینش ٹیم اور سوکروز کے پوائنٹس 4، 4 ہوجائیں گے، اس طرح آگے جانے والی ٹیم کا فیصلہ زیادہ گولز کی بنیاد پر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔