سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمن امیر اور بلوچستان کے علاؤ الدین غریب ترین نکلے

خبر ایجنسی  پير 2 جولائی 2018
خیبر پختونخوا کے جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثے4کروڑ71لاکھ 50 ہزار، حسن عسکری کے 2 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے ہیں۔ فوٹو : فائل

خیبر پختونخوا کے جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثے4کروڑ71لاکھ 50 ہزار، حسن عسکری کے 2 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے ہیں۔ فوٹو : فائل

کراچی: نگراں وزرائے اعلیٰ کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں جب کہ حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں سب سے زیادہ امیر ہیں، غریب ترین نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری ہیں۔

سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ فضل الرحمن کے13کروڑ 55 لاکھ75ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے پاس پنشن فنڈکی مد میں80لاکھ روپے موجود ہیں۔ دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ400گرام سونے کے مالک ہیں اور ان کی اہلیہ نے5کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیاہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے پاس نقد رقم 2 لاکھ روپے ہے اور ان کا بینک بیلنس 2کروڑ 62 لاکھ 86 ہزار ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے5لاکھ روپے کا فرنیچر ظاہر کیا اور ان کے7پلاٹ اپنے اور3 پلاٹ اہلیہ کے نام پر ہیں، ان کے پاس 1967 ماڈل کی گاڑی بھی ہے جس کی مالیت15ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کے اثاثوں کی کل مالیت 48 لاکھ 90 ہزار روپے ہے، کوئٹہ میں گھرکی مالیت21 لاکھ60ہزار، کراچی میںگھر کی مالیت7لاکھ روپے اور گوادر میں پلاٹ کی قیمت14لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

علاؤ الدین مری کے پاس بینک میں ایک لاکھ روپے ہیں اور انھوں نے کاروبار میں سرمایہ کاری 35 لاکھ روپے ظاہرکی ہے۔ دستاویزات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے50ہزار روپے کا فرنیچر ظاہر کیا ہے۔

خیبرپختونخواکے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے، انھوں نے اسلام آباد میں 8 مرلے کے گھر کی مالیت 2 کروڑ 97 لاکھ، اسلام آباد میں7 مرلے کے پلاٹ کی مالیت 15 لاکھ 25 ہزار اور پشاور میں2 کنال اراضی کی قیمت 8 لاکھ 63 ہزار سے زائد ظاہرکی ہے۔

اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق دوست محمد خان کے نام پر کوئی گاڑی نہیں، ان کے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ27 لاکھ 56 ہزار601 روپے موجود ہیں اور ان کے پاس35 لاکھ روپے نقد رقم موجود ہے۔

پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کے اثاثوں کی کل مالیت2 کروڑ4لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد ہے اور انھوں نے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد رقم ظاہر کی ہے۔ حسن عسکری نے دستاویزات میں 2013ما ڈل کی گاڑی کی مالیت 10لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔