پوسٹل بیلٹ، درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ 5 اور 10جولائی مقرر

خبر ایجنسی  بدھ 4 جولائی 2018
20 جولائی تک تمام درخواستیں نمٹا دی جائیں، الیکشن کمیشن کی ریٹرننگ افسران کو مزید ہدایت۔ فوٹو: فائل

20 جولائی تک تمام درخواستیں نمٹا دی جائیں، الیکشن کمیشن کی ریٹرننگ افسران کو مزید ہدایت۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی کے استعمال کیلیے مختلف کیٹگریز کیلیے پوسٹل بیلٹ کے حصول کیلیے متعلقہ ریٹرننگ افسران کودرخواستیں جمع کروانے کیلیے5جولائی اور10جولائی کی تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں۔

کیٹگری۔I کے تحت ۔ تمام سرکاری اداروں میں کام کرنیوالے ایسے افراد بمعہ ان کے بیوی، شوہر،بچے جن کا ووٹ اپنی تعیناتی کے مقام پر درج نہیں ہے اور وہ پولنگ کے دن اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن اس مجبوری کے باعث نہیں جا سکتے۔ ایسے معذور افراد جن کو نادرا کی جانب سے معذور ہونے کی بنا پر مخصوص لوگو والا شناختی کارڈ جاری ہوا ہے۔ ایسے افراد جو مختلف جیلوں میں قید ہیں یا کسی وجہ سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی حراست میں ہیں۔درج بالا تمام افراد پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کیلیے درخواستیں متعلقہ ریٹرننگ افسران کو5جولائی تک ارسال کر سکتے ہیں۔

کیٹگری۔II کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انتخابی عملہ و پولیس اور مسلح افواج کے ایسے افراد جو کسی بھی حوالے سے انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ہیں ۔درج بالا کیٹگری کے افراد پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کیلیے درخواست10جولائی تک متعلقہ ریٹرنگ افسران کو ارسال کر سکتے ہیں۔

اس ضمن میں ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ درخواستیں موصول ہوتے ہی جلد از جلد ضروری تصدیق کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپر درخواست دہندہ کوارسال کر دیں اور اپنے پاس درخواستیں جمع نہ کریں۔ ریٹرننگ افسران کو یہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ 20 جولائی تک وصول کردہ تمام درخواستیں نمٹا دیں۔ 20 جولائی کے بعد موصول شدہ درخواستیں قابل غور نہیں ہونگی۔

تمام ریٹرننگ افسران 22 جولائی کو الیکشن کمیشن کی جانب پہلے سے جاری شدہ ہدایات کیمطابق تمام پوسٹل بیلٹ پیپر کی جاری شدہ تفصیلات جس میں درخواست دہندہ کا نام، کیٹگری ، ادارے کا نام ، بیلٹ پیپر جاری کرنیکی تاریخ شامل ہے 22 جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مہیا کرینگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔