’سنجو‘ نے پاکستان میں بھی بزنس کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 4 جولائی 2018
’سنجو‘ نے پاکستان میں 14 کروڑ سے زائد کی کمائی کی۔

’سنجو‘ نے پاکستان میں 14 کروڑ سے زائد کی کمائی کی۔

کراچی: سنجے دت کے دیوانے صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم’سنجو‘ نے پاکستان میں ریلیز ہوتے ہی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑدیا۔ 

بھارت میں آج کل صرف فلم’سنجو‘ کے چرچے ہیں، سنجو کا بخار اترنے کے بجائے مزید بڑھتا چلا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ فلم کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرتی جارہی ہے۔ سنجے دت کی  زندگی پر مبنی فلم بھارت میں محض 5 دن میں 168 کروڑ سےزائد کا بزنس کرچکی ہے اور یہ رواں سال کا کسی بھی فلم کا اب تک کا سب سے زیادہ بزنس ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’ ریس 3‘‘ کی چھٹی

’’سنجو‘‘ نے بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستانی شائقین کو بھی دیوانہ بنالیا ہے۔ رنبیر کپور کی ’سنجو‘ نے پاکستان میں بھی کھڑکی توڑ بزنس کیا ہے اور عید الفطر پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 14 کروڑ 73 لاکھ کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں ’سات دن محبت ان‘،’آزادی‘،’وجود‘ اور’نا بینڈ نا باراتی میں سے ماہرہ خان اور شہریار منور کی فلم ’سات دن محبت ان‘9 کروڑ 8 لاکھ کماکر سرفہرت رہی تھی تاہم ’سنجو‘ نےمحض 5 روز میں ماہرہ خان کی فلم کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہےاور 14 کروڑ سے زائد  کی رقم بٹور لی ہے۔

واضح رہے کہ فلم’سنجو‘میں اداکار رنبیر کپور مرکزی کردار نبھارہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اداکار پاریش راول، منیشا کوئرالہ، انوشکا شرما، دیا مرزا اورکرشمہ تنا شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔