این ایچ اے، ٹول ٹیکس کی مد میں25 ارب کا ریونیو وصول

حسیب حنیف  جمعـء 6 جولائی 2018
مختلف شاہراہوں،موٹرویزروڈز،پلوں کے119مقامات پرقائم ٹول پلازوں سے حاصل ہوا۔ فوٹو: فائل

مختلف شاہراہوں،موٹرویزروڈز،پلوں کے119مقامات پرقائم ٹول پلازوں سے حاصل ہوا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے مالی سال 2017-18 کے دوران ٹول ٹیکس کی مد میں 25 ارب روپے سے زائد ریونیو وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا ہے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے گزشتہ 5 سال کے دوران ٹول ریونیو کی مد میں 9ارب روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

ملک بھر میں مختلف قومی شاہراہوں، ہائی ویز، موٹرویز، اسٹریٹجک روڈز اور پلوں کے 119 مقامات پر ٹول پلازے قائم ہیں، ان ٹول پلازوں میں 30ٹول پلازے قومی شاہراہ این5  پرجبکہ مکران ساحلی شاہراہ پرلیاری زیرو پوائنٹ کے مقام پر، کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ پر، حب اور شاہراہ قراقرم پر حسن ابدال کے مقامات پر ٹول پلازے قائم ہیں۔

اسی طرح این 40 پر نوشہرہ اوراین 50 پر ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر بھی ٹول پلازے قائم کیے گئے ہیں۔ انڈس ہائی وے پراین 14، 65 اور این70 پر تین تین ٹول پلازے قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد۔ مری شاہراہ پر بھی ایک ٹول پلازہ قائم ہے جبکہ ترنول۔ کوہاٹ سڑک پر قطبال اور جنڈ کے مقامات، لیاری ایکسپریس وے پردو، گوادر ۔ رتو ڈیرو موٹروے اور کراچی ناردرن بائی پاس پر ایک ایک ٹول پلازہ قائم کیا گیا ہے لاہور۔ اسلام آباد موٹروے پر20 اسلام آباد۔ پشاور موٹروے پر 13 پنڈی بھٹیاں۔ فیصل آباد موٹروے پر4 فیصل آباد گوجرہ موٹروے پر تین، خانیوال ملتان موٹروے پر 4اور کراچی حیدر آباد موٹروے پر 3 ٹول پلازوں سمیت ملک بھر میں قائم دیگر ٹول پلا زے قومی شاہراہوں پر چلنے والی ٹریفک سے ٹول ریونیو اکٹھا کرتے ہیں جو ریونیو اسٹرٹیجک اہمیت کی حامل ان شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2012-13کے دوران این ایچ اے نے ٹول ریونیو کی مد میں 16ارب روپے تک ریونیو حاصل کیا تھا جو کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بڑھتے ہوئے گزشتہ مالی سال 2017-18 کے دوران 25ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔