جاپان میں طوفانی بارشوں سے 50 افراد ہلاک، 16 لاکھ شہری بے گھر

خبر ایجنسی  اتوار 8 جولائی 2018
ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ، زیر آب علاقوں میں صورت حال خراب ہوسکتی ہے، حکام۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ، زیر آب علاقوں میں صورت حال خراب ہوسکتی ہے، حکام۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ٹوکیو: جاپان میں طوفانی بارشوں سے 50 افراد ہلاک اور 48 لاپتہ ہوگئے۔

طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ملک کے مغربی اور وسطی علاقوں سے لگ بھگ 16 لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے، جاپان میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 50 افراد ہلاک جبکہ 48 لاپتہ ہیں، حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلیے فوج طلب کر لی ہے، ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے مرکزی جزیرے ہونشو کے 3 اضلاع کے رہائشیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ شدید موسمی حالات سے خبردار رہیں، ان اضلاع میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، دریاؤں میں طغیانی اور طوفانی ہواؤں کا خدشہ ہے، بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں سے کئی اہم شہر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ہیلی کاپٹر سے بنائی جانے والی وڈیوز میں تاکاہاشی دریا کے کنارے واقع شہر کورا شیکی کو پانی میں ڈوبا اور رہائشیوں کو مکانات کی چھتوں پر پناہ لیے دیکھا جا سکتا ہے، جاپان کا تاریخی شہر ہیروشیما بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے خدشے کے پیشِ نظر ہفتے کی صبح تک 16 لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنے کا حکم دیا جا چکا ہے، ٹوکیو سے 600 کلومیٹر دور واقع موٹویاما نامی قصبے میں جمعے سے ہفتے کی صبح کے درمیان 583 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارشوں کا سلسلہ آج (اتوار) تک جاری رہ سکتا ہے جس سے مزید دریاؤں میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے جبکہ پہلے سے زیرِ آب علاقوں میں صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔