سندھ ٹینس رینکنگ؛ ورشہ داس پہلی بار ٹاپ پوزیشن پر فائز

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 8 جولائی 2018
فرحان نے مینز سنگلز میں 90 پوائنٹس جوڑ کر اعزاز برقرار رکھا، روبن کا دوسرا نمبر۔ فوٹو: فائل

فرحان نے مینز سنگلز میں 90 پوائنٹس جوڑ کر اعزاز برقرار رکھا، روبن کا دوسرا نمبر۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ ششماہی رینکنگ میں فرحان الطاف 90 مجموعی پوائنٹس کے ساتھ اب بھی بدستور سرفہرست ہیں جب کہ لیڈیز سنگلزمیں ورشہ داس نے پہلی بارٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی پائی۔

سندھ ٹینس ایسوسی ایشن نے پلیئرز کی ششماہی رینکنگ جاری کردی، جس میں رواں برس جنوری سے جون تک منعقدہ ایونٹس میں ان کی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے، فرحان الطاف 90 مجموعی پوائنٹس کے ساتھ اب بھی بدستور سرفہرست ہیں، وہ سابق ڈیوس کپ پلیئر الطاف حسین کے صاحبزادے ہیں، ان کے والد نے ماضی میں پاکستان کے نمبرون پلیئر اور ایشین گیمز کے سلورمیڈلسٹ کا اعزاز بھی حاصل کررکھا ہے۔

لیڈیزسنگلز میں ورشہ داس نے پہلی بارٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی پائی، جواں سال ورشہ معروف پاکستانی داس کوچ فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، انھوں نے کھیل کی بنیادی تربیت اپنے والد اجے داس سے دبئی میں حاصل کی، اجے یواے کی معروف ٹینس اکیڈمی سے بطور کوچ وابستہ ہیں۔

جاری کردہ نئی ششماہی رینکنگ میں فرحان الطاف بدستور پہلے، روبن داس دوسرے ، ونود داس تیسرے اور محمد علی چوتھے نمبروں پر براجمان ہیں، لیڈیز سنگلز میں ورشہ داس پہلی بار ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوئیں، عراج بتول نے دوسری ، زینب علی نے تیسری جبکہ وریشہ خان نے چوتھی پوزیشن سنبھالے رکھی، جونیئر17سنگلز میں محمد علی پہلے، زبیرراجہ دوسرے، عاصم گل تیسرے اور مجاہد اللہ خٹک چوتھے نمبر پر ہیں۔

انڈر 15سنگلز میں محمد یحیٰی احتشام نمبرون ہیں، طحہ امان نے دوسری ، مہاتیر محمد اور ریان جواد نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا، غفران فیصل اور اشعر میر نے چوتھی پوزیشن میں ساجھے داری اختیار کی۔

انڈر 13سنگلزمیں طحہ امان نمبرون، ایان یوسف دوسرے، زین احتشام تیسرے اور مہاتیر محمد اور اشعر میر مشترکہ طور پر چوتھے نمبروں پرہیں، انڈر11سنگلزمیں دراف داس اول ، احسن احمد دوئم، ایان یوسف سوئم جبکہ نادر مرزا چہارم ہیں۔

انڈر9 سنگلزمیں بھی دراف داس سب سے آگے ہیں، ابراہیم قریشی نے دوسری پوزیشن سنبھالی جبکہ سمیرزمان تیسرے نمبر پر رہے،اشمال خان اور احسن احمد چوتھی نمبر پر پارٹنر بنے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔