اکشے اور جان ابراہم کے درمیان فلموں کی ریلیز میں تنازع

ویب ڈیسک  اتوار 8 جولائی 2018
اکشے کمار کا فلم ’گولڈ ‘ کو 15 اگست پر ریلیز کرنے کا فیصلہ انتہائی پریشان کن ہے،جان ابراہم (فوٹو: فائل)

اکشے کمار کا فلم ’گولڈ ‘ کو 15 اگست پر ریلیز کرنے کا فیصلہ انتہائی پریشان کن ہے،جان ابراہم (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار اور جان ابراہم کے درمیان فلموں کی ریلیز کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا۔

بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار اور جان ابراہم کی سپر ہٹ جوڑی نے ’گرم مصالحہ، دیسی بوائز ، ہاؤس فل ٹو اور ڈشوم ‘جیسی کئی مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جب کہ دونوں کے درمیان دوستی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اکثر اداکار ایک دوسرے کو بھائی اور استاد کہتے تھے لیکن اب اداکاروں کے درمیان فلم نگری سے شروع ہونے والی دوستی میں فلمیں ہی دراڑ بن گئیں اور ایک ہی تاریخ میں فلموں کی ریلیز کا معاملہ اب تنازع کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کی فلم ’گولڈ ‘ اور معروف اداکار جان ابراہم کی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’ستیا میوا جیئتے ‘ کی ریلیز 15 اگست کے روز ہی تنازع کی وجہ بن گئی ہے جس پر اداکار جان ابراہم نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اکشے کمار میرے اچھے دوست ہیں لیکن اُن کا اپنی فلم’ گولڈ ‘ کو 15 اگست کے روز ہی ریلیز کرنے کا فیصلہ انتہائی پریشان کن ہے۔

جان ابراہم کے بیان پر اکشے کمار بھی خاموش نہ رہے اور لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہر کسی کو دوسرے اداکار کی فلم کے ساتھ اپنی فلم بھی ریلیز کرنی چاہیے اور اگلی بار بھی میں ایسا ہی کروں گا حتیٰ کہ ہم سب کو عید، دیوالی اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر بھی فلم ریلیز کرنی چاہیے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: انیل کپور اور ایشوریا کی فلم ’’پھنے خان‘‘ کا ٹریلر جاری

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے تینوں خانز کی فلمیں مشہور تہواروں پر ہی سنیما گھروں کی زینت بنتی ہیں تاہم اکشے کمار کا بیان خانز کے ساتھ بھی تنازع کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔