حج پروازوں کا شیڈول جاری، ہزاروں عازمین ووٹ نہیں ڈال سکیں گے

آصف محمود  پير 9 جولائی 2018
عازمین حج کو لیکر پہلی حج پرواز 14 جولائی کو روانہ ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

عازمین حج کو لیکر پہلی حج پرواز 14 جولائی کو روانہ ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: عازمین حج کو لیکر پہلی حج پرواز 14 جولائی کو روانہ ہورہی ہے اور حج پر جانے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے۔ 

وزارت حج ومذہبی امورنے سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین حج کے لیے پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، حج پروازیں 14 جولائی سے روانہ ہوں گی، عازمینِ حج اپنا شیڈول ایس ایم ایس اور ویب سائٹ پر دیکھ سکیں گے، وزارت حج کی طرف سے حج پروازوں کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان میں قوم انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حج کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے، اس سال مجموعی طورپرایک لاک 79 ہزارعازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کیے گیے شیڈول کے مطابق 14 جولائی کو کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز صبح 2:25 پر روانہ ہوگی، اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز صبح 7 بجے روانہ ہو گی، اسی طرح پہلے دن پشاور، اسلام آباد، لاہور، سکھر اور کراچی سے پروازیں روانہ ہوں گی، ملتان سے پہلی پرواز 15 جولائی کو 180 عازمین حج کو لیکر روانہ ہوگی، فیصل آباد سے جدہ کیلئے پہلی پرواز 17 جولائی سے روانہ ہو گی، پہلے دو دن ساڑھے پندرہ سو عازمینِ حج مدینہ منورہ روانہ کیے جائیں گے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق حجاج کرام کی وطن واپسی 28 اگست سے شروع ہو گی، ترجمان کاکہنا ہے حاجی کیمپوں پر ویکسین کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے، عازمین حج کو اپنی پرواز سے دو دن قبل حاجی کیمپ پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔