پیچیدہ زخموں کو بھرنے والی ذہین بینڈیج

ویب ڈیسک  منگل 10 جولائ 2018
اسمارٹ بینڈیج زخم کا پی ایچ، درجہ حرارت اور آکسیجن میں کمی بیشی کا ریکارڈ رکھتی ہے (فوٹو : ٹف یونیورسٹی)

اسمارٹ بینڈیج زخم کا پی ایچ، درجہ حرارت اور آکسیجن میں کمی بیشی کا ریکارڈ رکھتی ہے (فوٹو : ٹف یونیورسٹی)

میڈ فورڈ: سائنس دانوں نے پیچیدہ زخموں پر نظر رکھنے اور ان کے علاج کےلیے ’اسمارٹ بینڈیج‘ (ذہین پٹی) ایجاد کرلی جو نہ صرف زخم بھرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ زخم تک دوا کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔

سائنسی جریدے اسمال میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اسمارٹ بینڈیج زخم  کو بھرنے میں نہایت کارگر ہے جو زخم بھرنے کے روایتی طریقوں کو مات دے دے گی۔ زخموں کے علاج کےلیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے مریضوں کو فوری فائدہ پہنچے گا بالخصوص جلے ہوئے اعضا، حادثات اور ذیابیطس کے باعث ہونے والے زخموں کے علاج میں اس ٹیکنالوجی سے خاصی مدد حاصل ہوگی۔

ٹفٹ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی قیادت میں  کام کرنے والے محققین کی ٹیم نے اسمارٹ بینڈیج تیار کرلی ہے جو زخم بھرنے کے عمل کے انڈیکیٹرز جیسے پی ایچ ، آکسیجن اور درجہ حرارت پر نظر رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے جب کہ اس بینڈیج کی سب سے خاص بات برقی توانائی کا استعمال کرکے زخم کو دوا فراہم کرنا ہے جس سے پیچیدہ سے پیچیدہ زخم بھی ٹھیک ہوجاتا ہے۔

اسمارٹ بینڈیج کیا ہے؟

اسمارٹ بینڈیج دو حصوں پر مشتمل ہے: پہلا زخم کو ڈھانپنے والا حصہ ہے جس میں سینسرز اور ’’ڈرگ کیریئرز‘‘ موجود ہوتے ہیں جو دوا کو زخم تک پہنچاتے ہیں؛ جب کہ دوسرے حصے میں مائیکرو پروسیسر ہوتا ہے جو زخم کی نوعیت، درجہ حرارت اور پی ایچ کو دیکھتے ہوئے سینسرز کو ان کے تفویض شدہ کام کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔

 

wound

 

یہ زخم بھرنے میں کیسے مدد گار ہوگی؟ 

پی ایچ اسکیل پیچیدہ زخموں کے بھرنے کے عمل کی نگرانی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نارمل زخم کی پی ایچ ویلیو 5.5 سے 6.5 تک ہوسکتی ہے جب کہ پیچیدہ اور نہ بھرنے والے زخم کی پی ایچ 6.5 سے زیادہ ہوتی ہے۔ اسمارٹ بینڈیج زخم کے پی ایچ پر نظر رکھتی ہے اور اس کا مائیکرو پروسیسر اسی مناسبت سے دوا کا اخراج کراتا ہے۔ ہم بینڈیج کے روایتی اور پرانے طریقوں سے زخم میں پی ایچ (یعنی تیزابیت/ اساسیت) پر نظر نہیں رکھ سکتے۔

اسی طرح درجہ حرارت بھی زخم کے بھرنے کے عمل کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جس سے زخم میں سوزش کی نوعیت کا پتا چلایا جاسکتا ہے۔ اسمارٹ بینڈیج میں نصب سینسر زخم کے درجہ حرارت کی نگرانی کرتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ اسمارٹ بینڈیج آکسیجن کی مقدار بھی ناپ سکتی ہے جو زخم بھرنے کے عمل کا مطالعہ کرنے میں ایک اہم اور اظہار بھی ہے۔

اسمارٹ بینڈیج کے سینسرز پی ایچ، درجہ حرارت اور آکسیجن کی مقدارمیں اضافہ یا کمی ہونے پر اسی مناسبت سے دوا کے اخراج کو یقینی بناتی ہے۔ اس طرح زخم کو بھرنے کےلیے جتنی دوا درکار ہوتی ہے، اتنی ہی مقدار میں دوا استعمال کی جاتی ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔