ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو؛ ایک یادگار ایونٹ

ایڈیٹوریل  منگل 10 جولائی 2018
طالب علم ہی ہمارے ملک کا مستقبل اور اس کی ترقی میں مہمیز کا کردار ادا کرنے والے ہیں۔ فوٹو: شفیق ملک/ایکسپریس

طالب علم ہی ہمارے ملک کا مستقبل اور اس کی ترقی میں مہمیز کا کردار ادا کرنے والے ہیں۔ فوٹو: شفیق ملک/ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت منعقدہ 2 روزہ ’’ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2018‘‘ علم کی روشنیاں بکھیرتے ہوئے اتوار کو ختم ہوگئی۔ بلاشبہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت ہر سال طلبا و طالبات کے لیے ان کی تعلیم اور مستقبل کے حوالے سے آگاہی دینے کے لیے ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کی نمائش وہ مخلصانہ کوشش ہے جسے نہ صرف طلبا بلکہ ان کے والدین بھی سراہ رہے ہیں۔

مذکورہ نمائش میں بھی طلبا کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حصول میں درپیش مشکلات کا حل بتایا گیا بلکہ پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز کے حوالے سے بھی بھرپور رہنمائی فراہم کی گئی۔ طلبا کا کہنا تھا کہ اس نمائش کے ذریعے انھیں جو معلومات ملی ہیں وہ ان کی آیندہ زندگی میں انتہائی مفید ثابت ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے تعلیمی نمائش سجانے کا یہ سلسلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے، نمائش میں ملک بھر کی نجی و سرکاری جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں نے بھرپور حصہ لیا۔ ایکسپو کے دونوں دن طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کی آمد کا بھی تانتا بندھا رہا، نمائش میں لگائے گئے اسٹالز پر نہ صرف لوگوں کو مکمل معلومات فراہم کی گئیں، بلکہ تعلیمی اداروں کے نمایندے طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے حصول اور کیریئر بلڈنگ سے متعلق رہنمائی فراہم کرتے رہے۔

تعلیمی اداروں کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ہر سال کی طرح امسال بھی ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے ذریعے علم کی شمع کو روشن رکھنے کی روایت کو برقرار رکھا اور تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانے میں اپنا فریضہ بخوبی انجام دیا ہے۔ اس موقع پر ایکسپو میں اسٹالز کے علاوہ عوام کے لیے جامعات اور تعلیمی اداروں کے درمیان مختلف مقابلوں کا انتظام بھی کیا گیا، پینٹنگ، ڈرامے، تقریر کے مقابلے، فیشن شو، کامیڈی اور موسیقی جیسے مختلف میدانوں میں طلبا کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ان کی پذیرائی اور تحائف و شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

طلبا متعلقہ ادارے کی معلومات اور کیریئر کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے بہت خوش اور پرجوش دکھائی دیے، طالب علموں کا کہنا تھا کہ ایک ہی چھت کے نیچے تمام جامعات کے کورسز، پروگرامز، اسکیمز اور مختلف شعبوں کی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں جس سے ہمیں اپنے شوق کے مطابق پیشہ ورانہ زندگی میں شعبوں کے چناؤ میں آسانی اور بہت مدد ملی ہے، طلبا کے والدین اور شہریوں نے بھی ایکسپریس میڈیا کے اقدام کو خوب سراہا ۔

بلاشبہ یہ طالب علم ہی ہمارے ملک کا مستقبل اور اس کی ترقی میں مہمیز کا کردار ادا کرنے والے ہیں، ان طلبا کی رہنمائی اور انھیں سہولتیں فراہم پاکستان کے ہر ادارے کی ذمے داری ہے، ایکسپریس میڈیا گروپ اس ذمے داری کا ادراک کرتے ہوئے ہر سال  ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد کررہا ہے، تاکہ ہمارے طلبا ایک ہی چھت کے نیچے باآسانی متعلقہ معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔