کراچی سے متعدد تاجر و صنعتکار بھی انتخابی اکھاڑے میں

کاشف حسین  منگل 10 جولائی 2018
پی ٹی آئی،ن لیگ ،ایم ایم اے ، پی ایس پی اور پی پی نے ٹکٹ دیے۔ فوٹو : فائل

پی ٹی آئی،ن لیگ ،ایم ایم اے ، پی ایس پی اور پی پی نے ٹکٹ دیے۔ فوٹو : فائل

کراچی: کراچی کے مسائل کا حل نہ ملنے پرتاجر برادری کی نمایاں شخصیات خود میدان سیاست میں کود پڑے پہلی مرتبہ کراچی سے تاجر اور صنعتکار برادری کی نمایاں شخصیات عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔

انتخابات میں حصہ لے کر مسائل کے حل کا حصہ بننے والی کاروباری شخصیات کا کہنا ہے کہ وہ کراچی کے بنیادی مسائل کے حل اور تاجر برادری کے مسائل پر ایوانوں میں آواز اٹھانے کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کی پہلی ترجیح عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ملک میں کاروباری طبقے کی مشکلات کے لیے اپنی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے متحرک کردار ادا کرنا ہے۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی کاروباری شخصیات کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا اور قومی وصوبائی اسمبلی کے لیے ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ تاجر برادری کا ماننا ہے کہ نجی شعبے کے نمائندوں کو پارلیمنٹ میں پہنچنا چاہیے تاکہ ملکی معیشت میں سدھار آسکے جو گزشتہ پانچ پانچ سال کی پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں میں بدترین حالات سے دوچار رہی ہے۔

تاجر برادری سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کے انتخابی میدان میں اترنے کے بعد تاجروں کا ووٹ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ تمام امیدوار اپنی اپنی تجارتی انجمنوں کے اراکین سے بھی مدد اور تعاون حاصل کررہے ہیں۔

تاجربرادری سے تعلق رکھنے والی نئی شخصیات کو زیادہ تر پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن ، ایم ایم اے اور پاک سرزمین پارٹی نے موقع دیا ہے پیپلز پارٹی نے روایتی زراعت پیشہ بزنس مین ،رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی کے کاروبار سے تعلق رکھنے والوں کو ترجیح دی ہے۔پیپلز پارٹی نے صوبہ سندھ سے زراعت کے شعبے سے وابستہ ان افراد کو ہی ٹکٹ دیے ہیں جو پہلے بھی منتخب ہوتے رہے ہیں اسی طرح ن لیگ نے پنجاب میں بھی شعبہ تجارت سے وابستہ ان شخصیات کودوبارہ ٹکٹ دیے ہیں جو گزشتہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوتے رہے اور حکومت میں شامل رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) اور چاول کی صنعت سے وابستہ افرا د کی بڑی تعداد پہلے ہی پی ٹی آئی کو سپورٹ کررہی ہے۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ریپ)کے سابق چیئرمین عبدالرحیم جانواورٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ٹیپ)کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے بھی عقیل کریم ڈھیڈھی اور عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

کراچی سے موجودہ ڈپٹی میئرڈاکٹر ارشد وہرہ حلقہ این اے 256 سے پی ایس پی کے ٹکٹ پر حصہ لے رہے ہیں،یہ حلقہ ایف بی ایریا سمیت نیوکراچی اور لیاقت آباد کے چندعلاقوں پر مشتمل ہے۔ڈاکٹر ارشدوہرہ معروف صنعتکار ہیں وہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس کی مینجنگ کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ایم پی اے بھی منتخب ہوچکے ہیں، ان کا انتخابی نشان ڈولفن ہے۔

زاہد سعیدحلقہ این اے244 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہیں اور وہ پہلے بھی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑچکے ہیں،زاہد سعیدکا تعلق فارما سیکٹر سے ہے اور وہ اس وقت ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ہیں،وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدراورپاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی پی ایم اے) کے چیئرمین رہ چکے ہیں،زاہد سعید کا انتخابی نشان کتاب ہے اور انکا حلقہ فیصل کینٹ،فیروزآباد،بلوچ کالونی،محمودآبادپر مشتمل ہے۔

اسی حلقے سے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بھی ن لیگ کے امیدوار ہیں اور وہ ایک ممتاز صنعتکار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں،انکے بھائی مقصوداسماعیل فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں،مفتاح اسماعیل کا انتخابی نشان شیر ہے۔معروف تاجرسعید شفیق بھی اسی حلقے سے پاک سرزمین پارٹی کے ٹکٹ پرامیدوار ہیں،وہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔

حلقہ این اے255سے محمود مولوی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیں گے۔ محمودمولوی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین رہ چکے ہیں جبکہ انھوں نے الیکشن کمیشن کے ایک ممبر کی حیثیت سے دسمبر2017میں ایف پی سی سی آئی کے الیکشن بھی کرائے تھے۔حلقہ این اے 256 کراچی سینٹرIV نارتھ ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں سے ایم کیوایم(پاکستان)کے امیدوارعامرولی الدین چشتی کا تعلق بھی ایک معروف تجارتی وصنعتی گھرانے سے ہے،انکا انتخابی نشان پتنگ ہے۔وہ سابق ایم پی اے خالدبن ولید کے بھائی ہیں اور انکا تعلق پٹرولیم سیکٹر سے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں انکے گروپ کی سرمایہ کاری ہے۔

پاکستان کی صنعتکار برادری کا ایک اور بڑا نام دانش خان پاک سرزمین پارٹی کے ٹکٹ پر این اے241 سے حصہ لیں گے،انکا یہ حلقہ کورنگی اورلانڈھی کے کچھ علاقوں پر مشتمل ہے۔دانش خان کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے فعال ممبر ہیں،وہ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور ان کا تعلق لیدر ایکسپورٹ سے ہے۔ غلام ہاشم نورانی تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی)کے ٹکٹ پر پی ایس106سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ان کا تعلق میڈیسن کے کاروبار سے ہے۔

نعمان بدرفاروقی کا تعلق کنفکشنری کے بزنس سے ہے وہ حلقہ پی ایس 101سے حصہ لے رہے ہیں،نعمان بدر فاروقی مقامی روزنامہ کے ایڈیٹر بھی ہیں انکاانتخابی نشان مکان ہے۔ محمد حسین محنتی کا تعلق بھی شعبہ تجارت سے ہے اور وہ ایم ایم اے کے ٹکٹ پر حلقہ 247 سے حصہ آزاد امیدوار کے طور پرحصہ لے رہے ہیں۔ پی ایس 129سے نوجوان صنعتکار فیصل معیزخان پی ایس پی کی جانب سے امیدوار ہیں اور انکا حلقہ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کے علاقوں پر مشتمل ہے،فیصل معیز نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی)کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن معیز خان کے صاحبزادے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی سے ہی لیاری اور آرام باغ کے حلقہ نمبر107سے ایک خاتون بزنس مین ثمینہ بلال بھی حصہ لے رہی ہیں جنکی ٹریول ایجنسی ہے۔ محمدجنیدمکاتی کا تعلق بھی تجارت سے ہے اور وہ ایم ایم اے ٹکٹ پر پی ایس103 سے حصہ لیں گے۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدروسیم وہرہ پی ایس 110سے مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ پر پہلی بار الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ پی ایس 111سے تاجر اور پی پی پی کے رہنما سمیرمیرشیخ کے بھائی شیخ جاوید میر ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حلقہ243سے ن لیگ کے ہی ٹکٹ پر حاجی شاہجہاں امیدوار ہیں،وہ سبزی اور فروٹس کے تھوک کاروبار سے وابستہ ہیں اور فلاحی انجمن سبزی منڈی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ عبدالرشید نورانی ملک کی معروف بزنس مین عبدالرزاق نورانی کے صاحبزادے ہیں اور بزنس کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر PS-109 کراچی ساؤتھ 3سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ مقامی تاجرایاز میمن موتی والا آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے243، پی ایس 110 اورپی ایس 111 سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

امجداللہ خان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر این اے253سے امیدوار ہیں،وہ ایم کیو ایم چھوڑ کر پی پی پی میں گئے تھے، امجداللہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سینئروائس چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ آفاق جمیل بزنس مین ہیں اوروہ پی ایس پی کے ٹکٹ پراین اے237سے حصہ لیں گے یہ حلقہ ایئرپورٹ،مراد میمن، ابراہیم حیدری،ملیرکینٹ پر مشتمل ہے۔راؤ محمد زبیر پراپرٹی ڈیلر ہیں اور وہ پی ایس پی کے ٹکٹ پرکراچی کے حلقہ این اے 238سے حصہ لیں گے یہ حلقہ لانڈھی، کورنگی کریک،ابراہیم حیدری پر مشتمل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔