خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شمال مشرقی علاقوں میں داخل

نمائندہ ایکسپریس  منگل 10 جولائی 2018
جمعرات تااتواراسلام آباد،بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا،فاٹااورکشمیرکے مختلف علاقوں میں بارش متوقع۔ فوٹو: فائل

جمعرات تااتواراسلام آباد،بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا،فاٹااورکشمیرکے مختلف علاقوں میں بارش متوقع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں بدھ سے متوقع ہے۔ جمعرات سے اتوار کے دوران اسلام آباد کے علاوہ بالائی پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن، خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مران ، کوہاٹ ڈویژن، فاٹا اورکشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، ساہیوال، ملتان ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ہفتے سے اتوار کے دوران سندھ ، شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جمعے سے اتوار کے دوران کشمیر ، گوجرانوالہ ، لاہور، راولپنڈی، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پرتیزہواوں اور گرج چمک بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہا تاہم کوٹلی میں 16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سبی48، ڈی آئی خان، بھکر، دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔