تھائی لینڈ کے غارمیں پھنسے تمام بچوں کو کوچ سمیت نکال لیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 10 جولائی 2018

بنکاک: تھائی لینڈ کے زیر آب غار میں پھنسے اسکول فٹبال ٹیم کے 12 کم عمر کھلاڑیوں اور کوچ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آج صبح زیر آب غار میں پھنسے بقیہ 4 بچوں اور ایک کوچ  کو نکالنے کے لیے امدادی کام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے دوران دو مرحلوں میں بقیہ 4 بچوں اور کوچ کو  بحفاظت نکال لیا گیا اس طرح تین دن کے کامیاب آپریشن کے بعد اسکول فٹبال ٹیم کے 12 بچوں اور کوچ کو غار سے نکالا گیا۔ غار سے نکالے گئے تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ابھی کچھ دن انہیں اسپتال میں رکھا جائے گا۔

Thai 2

آپریشن کے انچارج  نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کا آخری مرحلہ مشکلات اور رکاوٹوں سے بھرپور تھا تاہم امدادی ٹیم کا ایک ایک اہلکار کامیاب آپریشن کے لیے پُر عزم اور پر جوش تھا اور سب کا مقصد کسی بھی طرح غار میں پھنسے بے یارو مددگار بچوں کی جان بچانا تھا۔ امدادی کارروائی کا پہلا روز سب سے مشکل تھا تاہم ہم نے اس دن بہت سیکھا جو آج حتمی کارروائی میں مدد گار ثابت ہوا۔

thai 3

انچارج آپریشن کا کہنا تھا کہ تین دنوں پر مشتمل ریسکیو آپریشن کا آغاز 8 جولائی کو کیا گیا اور طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ہر روز 4 بچوں کو ریسکیو کرنا تھا جس کے لیے تھائی لینڈ نیوی اور امریکی اہلکاروں کا تعاون بھی شامل تھا۔ سب کی مشترکہ کاوش نے انہونی کو ہونی کردیا جس پر پوری ٹیم مسرور ہے۔ یہ تاریخی لمحہ ہے اور خوشی ہے کہ اس لمحے کے فاتح کھلاڑی ہم ہیں۔

thai 4

واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے مقامی فٹبال کلب کے 12 کم عمر کھلاڑی 23 جون کو اپنے کوچ کے ہمراہ شمالی صوبے یانگ رائی کے معروف غار تھیم لوانگ میں پکنک منانے گئے تھے۔ غار کی سیر کے دوران بارش ہونے کے باعث سیلاب کا پانی غار میں بھرنا شروع ہو گیا جس کی وجہ سے یہ لوگ غار کے اختتامی حصے میں پھنس گئے تھے اور 2 جولائی کو پہلی مرتبہ ریسکیو ٹیم کو ان پھنسے ہوئے بچوں کا سراغ ملا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔