اس ریستوران میں کھانا کھائیے اور مفت کتاب کا تحفہ پائیے

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018
امریکا میں واقع ٹریولر فوڈ اینڈ بک ریستوران ہر کھانے پر کتابیں مفت دیتا ہے (فوٹو: بشکریہ ییلپ)

امریکا میں واقع ٹریولر فوڈ اینڈ بک ریستوران ہر کھانے پر کتابیں مفت دیتا ہے (فوٹو: بشکریہ ییلپ)

بوسٹن: امریکا میں ٹریولر فوڈ اینڈ بکس ریستوران 1970 سے قائم ہے اور یہاں ہر کھانے والے گاہک کو ایک کتاب بلامعاوضہ تحفے میں دی جاتی ہے۔

1993 میں اگرچہ اس ریستوران کے مالکان بدل گئے لیکن مفت کتاب کا تحفہ دینے کی روایت جاری رہی اور اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے افراد بھی کتب بینی کے شوقین ہوتے ہیں اور اب تک یہاں سے 25 لاکھ کتابوں کا تحفہ دیا جاچکا ہے۔ لائبریری سے کتابیں لانے کےلیے ان کے پاس ایک 16 فٹ طویل کنٹینر بھی موجود ہے۔

ریستوران کے مالک نے بتایا ’ہم ایک ہفتے میں ایک سے دو ہزار کتابیں دیتے ہیں اور ایک شخص تین کتابیں بھی لے جاسکتا ہے۔ یہ کتابیں ہم لائبریری کے پرانے اسٹاک سے حاصل کرتے ہیں لیکن سب سے زیادہ تعداد خود گاہکوں کی ہے جو کتابیں لاکر ہمارے پاس چھوڑ جاتے ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ روزانہ ہمیں کتابوں کے عطیات موصول ہوتے ہیں۔‘

اس وقت ہوٹل کے اندر 10 ہزار کتابیں موجود ہیں اور بسا اوقات ہفتے میں 4 مرتبہ لائبریری سے کتابیں یہاں آتی ہیں۔ یہ ریستوران ایک ایسی جگہ واقع ہے جہاں بہت کم آبادی رہتی ہے۔ میسا چیوسٹس سے کنیکٹی کٹ آتے ہوئی ’آئی 84‘ نامی  شاہراہ پر یہ ریستوران واقع ہے۔ یہاں سائنس سے لے کر ادب تک ہر موضوع اور عنوان پر کتابیں کسی لائبریری کی طرح رکھی گئی ہیں۔

ریستوران کی دیواروں پر بہت سے مشہور مصنفین کی آٹو گراف شدہ تصاویر بھی موجود ہیں۔ ٹریولر ریستوران صبح سات بجے کھل جاتا ہے اور رات کو آٹھ بجے تک یہاں لوگ آتے رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔