فیفا ورلڈکپ؛ کروشیا نے انگلینڈ کے خواب چکنا چور کردیے

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018
کروشیا اتوار کو فرانس کے ساتھ فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی

کروشیا اتوار کو فرانس کے ساتھ فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی

ماسکو: ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 

روس میں جاری فٹبال کے میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج دارالحکومت ماسکو میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ اور کروشیا مدمقابل ہوئے۔ انگلینڈ نے میچ کے آغاز میں ہی کروشیا کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے اور انگلش اسٹرائیکر کیرن تریپیڈر نے میچ کے چھٹے منٹ میں ہی گول اسکور کرکے 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

خیال رہے انگلینڈ کی جانب سے کیرن تریپیڈر نے ورلڈکپ کے دوران 12 سال بعد ڈائریکٹ فری کک پر گول کیا اس سے قبل 2006 میں معروف انگلش اسٹرائیکر ڈیوڈ بیکھم نے 2006 میں ڈائریکٹ فری کک پر گول داغا تھا۔

پہلے ہاف میں انگلینڈ کو برتری حاصل رہی تاہم دوسرے ہاف میں 67ویں منٹ پر کروشیا کے اسٹرائیکر ایوان پیریسک نے گول کرکے انگلینڈ کی برتری ختم کرکے میچ 1-1 سے برابر کردیا۔ ایوان پیریسک نے اس ورلڈکپ میں 6 میچوں کے دوران دوسرا گول اسکور کیا جب کہ مجموعی طور پر میگا ایونٹس کے دوران 4 گول اسکور کرکے دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ کروشیا کے اسٹرائیکر ڈیور سوکر ورلڈکپ کے دوران 6 گول اسکور کرچکے ہیں۔

انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل 1-1 سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا جب کہ اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی تاہم دوسرے ہاف میں کروشیا کے اسٹرائیکر ماریو مانڈزوکک نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر انگلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیردیا اور یوں کروشیا کو میچ میں 1-2 کی برتری حاصل ہوئی جو آخر تک برقرار رہی۔

واضح رہے میگا ایونٹ کا فائنل ماسکو کے اسٹیڈیم میں کروشیا اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ انگلینڈ اور بیلجئم ہفتے کے روز  تیسری پوزیشن کے لیے میدان میں اتریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔