منی لانڈرنگ کیس ؛ حسین لوائی کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018

 کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی اور طحٰہ رضا کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع کردی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی اور طحٰہ رضا کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ پیش کی جب کہ تفتیشی افسر نے ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کردی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے طلب

سماعت کے دوران وکیل حسین لوائی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی 200 برانچیں ہیں، ہزاروں ملازمین بے روز گار ہوجائیں گے جب کہ لوگ رقوم نکلوارہے ہیں اور تحقیقات ہوچکی ہے، یہ ڈکیتی کا مقدمہ نہیں جو کیس پراپرٹی برآمد کرنی ہو، اکاؤنٹ میں رقم آئی اور دوسرے کے اکاؤنٹ میں چلی گئی جب کہ اکاؤنٹ میں آنے والی رقم کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک کو بھیج دیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر ہی ریکارڈ فراہم کیا جارہا ہے، 15 جنوری سے تحقیقات کررہے ہیں لیکن کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا جب کہ حسین لوائی کو سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے لہذا ریمانڈ دیا جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :  حسین لوائی جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد حسین لوائی اور طحٰہ رضا کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔