سپریم کورٹ کا اسحاق ڈار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔ فوٹو : فائل

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیر داخلہ اسحاق ڈار کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ اور اُن کے اہل خانہ کی غیر موجودگی کے باعث عدالتی حکم نامے کو لاہور میں اسحاق ڈار کی مستقل رہائش گاہ پر چسپاں کردیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں اٹارنی جنرل اور سیکرٹری داخلہ کو سابق  وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور سیکرٹری داخلہ سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے واپسی کے لیے ممکنہ اقدامات جیسے پاسپورٹ کی منسوخی اور انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے رائے طلب کی ہے۔

دریں اثناء سپریم کورٹ رجسٹر ار آفس نے عدالتی حکم پر عطاء الحق قاسمی تقرری کیس میں اسحا ق ڈار، سیکرٹری خزانہ اوردیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرد یئے ہیں جس میں فریقین کو 12 جولائی کو ہونے والی آئندہ سماعت کے لیے عدالتی حکم کی من وعن تعمیل کرتے ہوئے عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اور نو منتخب سینیٹر اسحاق ڈار علاج کے غرض سے برطانیہ میں مقیم ہیں جس کے باعث سینیٹ الیکشن میں امیدوار ہونے کے باوجود پاکستان نہیں آسکے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔