راجیو گاندھی کیلیے نامناسب زبان استعمال کرنا نوازالدین کو مہنگا پڑگیا 

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018
سابق وزیر اعظم کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر نوازالدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سابق وزیر اعظم کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر نوازالدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی کے خلاف بھارت کے سابق وزیر اعظم کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی اورسیف علی خان ان دنوں بھارت کی پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل ویب سیریز’’سیکرڈ گیمز‘‘میں کام کررہے ہیں، یہ سیریز شہر میں ہونے والے جرائم، سیاست اور کرپشن سے متعلق ہے جس میں دکھایا جائے گا کہ یہ تمام جرائم کس طرح ملکی معیشت کو نقصان پہنچارہے ہیں تاہم نواز الدین صدیقی اس ویب سیریز کے باعث مشکل میں پڑگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ’’سیکریڈ گیمز‘‘کی 6 جولائی کو نشر ہونےوالی قسط میں نوازالدین صدیقی نے سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں’’پھٹو‘‘ کہا تھا جس کے باعث نوازالدین صدیقی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت مغربی بنگال کے کانگریس کمیٹی کے رکن راجیو سنہا نے درج کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیریز کے پروڈیوسر اور نیٹ فلیکس نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی شخصیت بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ سیریز میں حقائق کو غلط انداز میں پیش کیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ’’سیکریڈ گیمز‘‘کی ہدایات  انوراگ کشپ اور وکرم آدیتیہ نے دی ہے جب کہ یہ بھارتی مصنف وکرم چندرا کے جرائم پر مبنی  بیسٹ سیلنگ ناول پر بنائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔