اسفند یار ولی کا تین روزہ سوگ کے بعد انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 11 جولائی 2018
بزدل دشمن ہمیں خوفزدہ کرکے انتخابی عمل سے دور رکھنا چاہتا ہے، سربراہ اے این پی

بزدل دشمن ہمیں خوفزدہ کرکے انتخابی عمل سے دور رکھنا چاہتا ہے، سربراہ اے این پی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ہارون بلور کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کش دھماکوں کے باوجود سوگ کے بعد نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یکہ توت میں انتخابی جلسے میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور کی شہادت پر سربراہ اسفند یار ولی نے سانحے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران مرکزی آفس سمیت تمام علاقائی دفاتر بند اور انتخابی سرگرمیاں معطل رہیں گی تاہم اس دوران مختلف مقامات پر شہید رہنما کے ایصال ثواب اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن ہمیں خوفزدہ کرکے انتخابی عمل سے دور رکھنا چاہتا ہے لیکن غیور جماعت کی بہادر قیادت اور کارکنان تین روزہ سوگ کے بعد پھر سے ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور جنہوں نے یہ بزدلانہ کارروائی کی ہے وہ اگر پختون ہیں تو چھپ کر حملہ کرنے کے بجائے سامنے آکر مقابلہ کریں۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ اس سے قبل ہارون بلور کے والد اورعوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ رہنما بشیر بلور کو بھی جلسے میں خودکش دھماکے میں شہید کیا گیا تھا کیوں کہ دہشت گرد جانتے ہیں کہ جب تک بلور خاندان موجود ہے پشاور میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہو سکتے۔ بلور خاندان کی ہمت و جرات کو سلام ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ہارون بلور اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں یکہ توت پہنچے تھے جہاں ایک کارنر میٹنگ کے دوران خود کش دھماکے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔