پی آئی اے میں قومی کھلاڑی بھی الیکشن ڈیوٹی پر طلب

زبیر نذیر خان  جمعرات 12 جولائی 2018
وسیم اکرم،معین خان، سرفراز احمد، فیصل اقبال، انور علی، شاہد علی، کامران اشرف مستثنیٰ قرار۔ فوٹو: فائل

وسیم اکرم،معین خان، سرفراز احمد، فیصل اقبال، انور علی، شاہد علی، کامران اشرف مستثنیٰ قرار۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی آئی اے میں ملازم قومی کھلاڑیوں کوالیکشن ڈیوٹی پرطلب کر لیا گیا۔

پی آئی اے کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے سرکلر میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 32 کھلاڑیوں کو بھی دیگر ملازمین کی طرح الیکشن میں ڈیوٹی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عملدرآمد نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو شوکاز نوٹس، سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا، ان کھلاڑیوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئین قمر ابراہیم، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی انٹرنیشنل وقاص اکبر، سابق قومی کپتان اولمپئین اختر رسول کے صاحبزادے حسن اختر، اپنے دور کے عظیم کرکٹر حنیف محمد کے پوتے اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی جنرل منیجر و سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کے صاحبزادے شہزر محمد، کرکٹر اعزاز چیمہ، آغا صابر، طاہر خان، شہر یار غنی، فضل اکبر، شعیب خان ، معروف انٹرنیشنل فٹبالر شاکر لاشاری، جبار سینییئر، جبار جونیئر،حاجی محمد و دیگر شامل ہیں۔

ادارے سے منسلک سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم، معین خان قومی کپتان سرفراز احمد، فیصل اقبال ،انورعلی، اولمپئین شاہد علی خان، اولمپئین کامران اشرف کو الیکشن ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔