امن کے سفرمیں طویل فاصلہ طے کرچکے اب منزل دور نہیں، آرمی چیف

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جولائی 2018
پرویزخٹک، سکندر شیرپاؤ اور کمانڈنٹ ایف سی نے بھی شہید ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ فوٹو:فائل

پرویزخٹک، سکندر شیرپاؤ اور کمانڈنٹ ایف سی نے بھی شہید ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ فوٹو:فائل

پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم امن کے پر آزمائش سفر میں طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں اور انشاء اللہ منزل اب زیادہ دور نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ شہید ہارون بلور کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کی، اس دوران ڈی جی آئی ایس پی آر اور کور کمانڈر پشاور بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلور فیملی قربانیوں کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پورے عزم سے کھڑی ہے، ہم امن کے پر آزمائش سفر میں طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں اور نفرت و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز متحد کھڑے ہیں، انشاء اللہ منزل اب زیادہ دور نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ہم غیر معمولی طاقتوں سے لڑرہے ہیں جو مستحکم پاکستان نہیں دیکھ سکتیں

دوسری جانب شہید ہارون بلور کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے آنے والے افراد کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک، سکندر شیرپاؤ اور کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی سمیت دیگر افراد بھی بلور ہاؤس پہنچے اور ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پشاور میں خودکش حملہ

واضح رہے کہ منگل کے روز پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔