بحرالکاہل میں پلاسٹک جمع کرنے والے سسٹم کی آزمائش شروع

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
لہریں 600 میٹر طویل پائپ تک کچرا لائیں گی جس کے کھلے ہوئے سروں کے اندر پلاسٹک جمع ہوجائے گا (فوٹو: بشکریہ نیواٹلس)

لہریں 600 میٹر طویل پائپ تک کچرا لائیں گی جس کے کھلے ہوئے سروں کے اندر پلاسٹک جمع ہوجائے گا (فوٹو: بشکریہ نیواٹلس)

سان فرانسسكو: سمندروں میں جمع پلاسٹک اب ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اس کے خاتمے کے لیے تجرباتی طور پر پائپ نما کوڑے دان آزمائشی طور پر سمندر میں اتارا گیا ہے۔

اسے بحر صاف کرنے والے منصوبے (اوشن کلین اپ پروجیکٹ) کا نام دیا گیا ہے اور یہ پائپ 2200 کلومیٹر تک سمندر میں موجود رہے گا۔ بحرالکاہل میں ایک جگہ کوڑے کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے اور ماہرین پرامید ہیں کہ اس نظام سے کچرے کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔ کچھ روز میں انکشاف ہوا کہ یہ سسٹم طوفانی سمندر میں بھی اپنا کام کرتا رہتا ہے۔

اس نظام کی تیاری میں 5 سال لگے ہیں اور یہ نظام بحرالکاہل میں تیرنے والے کچرے کے بڑے ڈھیر کو صاف کرے گا جس میں پلاسٹک کی بہتات ہے۔ سمندر کی قدرتی لہریں 600 میٹر طویل پائپ تک کچرا لائیں گی جس کے کھلے ہوئے سروں کے اندر پلاسٹک جائے گا اور سمندر صاف ہوگا۔

اسے ہواؤں کی مختلف رفتار، کیفیات اور موسموں میں آزمایا جائے گا۔ پہلے 120 میٹر طویل ٹکڑے کو دو ہفتے تک آزمایا جارہا ہے اور اس کے بعد اس کے مزید حصے جوڑ کر 600 میٹر لمبا نظام سمندر میں چھوڑا جائے گا۔ یہ پائپ پانی پر تیرتا رہتا ہے اور کسی بھی حالت میں اندر نہیں ڈوبتا ۔ اس طرح سطح کا کچرا اس کے اندر جاتا رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔