فٹبال ورلڈ کپ؛ فرانس اور کروشیا دونوں جیت کے خواہاں

ایڈیٹوریل  جمعـء 13 جولائی 2018
سیمی فائنل کی جیت کے ساتھ ہی فرانس کے عوام اور میڈیا کو ٹرافی اپنے ملک آتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سیمی فائنل کی جیت کے ساتھ ہی فرانس کے عوام اور میڈیا کو ٹرافی اپنے ملک آتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فٹبال پسندیدگی کے لحاظ سے دنیا کا نمبر ون کھیل ہے، اور جب بات ہو فٹبال ورلڈ کپ کی تو شائقین میں جوش و خروش انتہاؤں پر نظر آتا ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے میچز آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور اب پوری دنیا کو فائنل کا انتظار ہے جس میں فرانس اور کروشیا کی ٹیمیں جیت کے لیے میدان میں اتریں گی۔ میچز کے پہلے سیمی فائنل میں بیلجیم کو ہرا کر فرانس پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا تھا جب کہ بدھ کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے انگلینڈ کو 2-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

پچھلے کچھ ہفتوں سے تقریباً ساری دنیا میں شائقین فٹبال ان سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ہیں۔ اس سال فٹبال ورلڈ کپ کے میچز میں بہت سے اپ سیٹ ہوئے، کئی نئی ٹیموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب کہ پرانی اور منجھی ہوئی ٹیمیں ابتدائی راؤنڈز میں ہی گیم سے باہر ہوگئیں۔ کروشیا نے پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

تجزیہ کار فرانس اور کروشیا کے درمیان ہونے والے فائنل کو ایک ٹف اور برابر کا مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔ دونوں ہی ٹیمیں کارکردگی کے لحاظ سے بہترین اور اپنی جیت کی خواہاں ہیں۔ فرانس کے پاس پلس پوائنٹ یہ ہے کہ وہ پہلے بھی فائنل تک رسائی حاصل کرچکا ہے، نفسیاتی طور پر دونوں ٹیمیں ہی دباؤ کا شکار ہیں۔ اگرچہ فرانس کے پاس بہترین اٹیک موجود ہے مگر اس بار بھی دفاعی لائن نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

فرانس کے گول کیپر نے سیمی فائنل میں جس طرح لگاتار بیلجیم کے گول روکے وہ شائقین کبھی نہ بھول پائیں گے، تجزیہ کاروں کے مطابق فرانس کی سیمی فائنل میں کامیابی کا سہرا اسی دفاع کو جاتا ہے۔ فرانس کے اٹیک میں 19 سالہ کیلیان ایمباپے اور یورو 2016 کے گولڈن بوٹ فاتح انتونی گریزمین جیسے پلیئرز موجود ہیں۔

سیمی فائنل کی جیت کے ساتھ ہی فرانس کے عوام اور میڈیا کو ٹرافی اپنے ملک آتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، ایک اخبار نے تو کامیابی پر سرخی بھی لگائی تھی کہ ’’نیلے خواب بدستور قائم ہیں‘‘۔ لیکن کروشیا کی ٹیم کو بھی ہلکا نہیں لینا چاہیے، کروشیا نے بھی بہت بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خوابوں کو چکنا چور کیا ہے۔ ورلڈ کپ فٹبال کے فائنل میں فتح کا تاج فرانس یا کروشیا میں سے کس کے سر پر سجتا ہے، اتوار کو ہونے والے مقابلے میں شائقین فٹبال جلد دیکھ سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔