ڈونلڈ ٹرمپ کی نیٹو ممالک کو دفاع کا بجٹ دگنا کرنے کی اپیل

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جولائی 2018
برسلز اور یونان میں نیٹواتحاد کےخلاف شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

برسلز اور یونان میں نیٹواتحاد کےخلاف شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

برسلز: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو دفاع کا بجٹ دگنا کرنے کی اپیل کردی۔

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلزمیں نیٹو کا اجلاس ہوا، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ تمام اتحادی ممالک اپنی اپنی مجموعی قومی پیداوار کا 4 فیصد دفاع پر خرچ کریں تاہم اتحادی ممالک اس بات پر راضی نہ ہوئے۔

اجلاس کے دوسرے اور آخری روز امریکی صدرنے دعوی کیا کہ اتحادی ممالک دفاع پر مزید خرچ کرنے پر متفق ہوگئے ہیں تاہم نیٹو کے رکن ممالک اس نتیجے پر پہنچے کہ 2024 تک وہ اپنی اپنی سالانہ مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد ہی دفاع پر خرچ کریں گے۔

کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے جرمنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برلن روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، جواب میں جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کہا کہ جرمنی اپنی سیاست میں آزاد اور اپنے فیصلے خود کرتا ہے۔

ادھر برسلز اور یونان میں نیٹو اتحاد کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے کارٹون بنائے  اور فوجی طاقت کے استعمال کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحاد انسانیت کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔