ون ڈے سیریز؛ زمبابوے کیخلاف پاکستان بنچ پاور آزمائے گا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
ایشیا کپ کی تیاری کیلیے تمام کرکٹرزکو صلاحیتوں کے اظہار کاموقع دیں گے، سرفراز احمد۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کی تیاری کیلیے تمام کرکٹرزکو صلاحیتوں کے اظہار کاموقع دیں گے، سرفراز احمد۔ فوٹو: اے ایف پی

بولاوایو:  زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان بنچ پاور آزمائے گا، سرفراز احمد نے مختلف کمبی نیشن کی آزمائش کا عندیہ دے دیا۔

زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کی تیاری کے پیش نظر کوشش کریں گے کہ تمام کھلاڑیوں کو میدان میں اترنے کا موقع مل سکے، درمیانی اوورز میں یاسر شاہ ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھاسکتے ہیں، انھیں بھی کم ازکم دو میچ کھلائیں گے، ہمارے پاس فخرزمان، امام الحق اور محمد حفیظ کی صورت میں 3اوپنرز ہیں، ان کو بھی مواقع دیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتا رہا ہوں، ون ڈے میں پانچویں نمبر پر بھی آسکتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم میں نوجوان لیکن باصلاحیت کرکٹرز شامل ہیں، ہوم کنڈیشنز میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، کامیابی کے لیے ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا اور سخت محنت کرنا ہوگی، میزبان ٹیم کے ساتھ ہمیں سرد موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ ون ڈے میچز کے آغاز کا وقت  10بجے ہے، ابھی تک گرین شرٹس کا یہاں کوئی میچ صبح کو اتنی جلدی شروع نہیں ہوا، اس لیے ایک نئی صورتحال ہوگی، میرے خیال میں ٹاس اہم ہوگا۔

زمبابوے کو کلین سوئپ کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی اس طرح کا کوئی دعویٰ کرنا مناسب نہیں، میزبان ٹیم کو ترنوالہ نہیں سمجھ سکتے، ایک ایک میچ کی پلاننگ کرتے ہوئے میدان میں اتریں اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔