ایشین گیمز؛ ہاکی ٹیم کے کیمپ کا کل سے آغاز

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 13 جولائ 2018
قومی ٹیم کو ایونٹ میں 7 مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل۔فوٹو: فائل

قومی ٹیم کو ایونٹ میں 7 مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل۔فوٹو: فائل

 لاہور:  ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہفتے سے کراچی میں ہوگا۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب 27 کھلاڑی ملکی اور غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ان کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، محمد علیم بلال، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصور عباس، محمد رضوان سینئر، محمد توثیق راشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، محمد ظفر یعقوب، محمد ارسلان قادر، ایاز احمد، ایم عرفان جونیئر، رانا سہیل ریاض، محمد رضوان جونیئر، محمد دلبر، محمد عتیق، محمد فیصل قادر، محمد عاطف مشتاق، جنید منظور اور اسد عزیز شامل ہیں۔ ایشین گیمز آئندہ ماہ 18 اگست سے شروع ہوکر یکم ستمبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو ایشین گیمز کے دوران اب تک 7 بار گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے، پہلی بار گرین شرٹس نے 1958 کے ٹوکیو گیمز کے دوران طلائی تمغہ حاصل کیا تھا، بعد ازاں جکارتہ گیمز 1962، بنکاک 1970، تہران 1974، بنکاک 1978، نیو دہلی1982، بیجنگ 1990میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ بعد ازاں پاکستانی ٹیم نے 20 سال کے طویل عرصے کے دوران گوانگزو میں ہونے والے گیمز کے دوران پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کو اب تک 3 بار چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

یہ میڈلز پاکستان نے بنکاک 1966، جنوبی کوریا 1986 اور2014کے ایونٹس میں حاصل کیے تھے، جنوبی کوریا میں 2014 ہونے والے آخری گیمز کے دوران پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی تاہم ٹائٹل مقابلہ میں گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لیے کھلاڑیوں کو بھر پور ٹریننگ کروائی جائے گی۔ عہدیداروں کے مطابق گو حال ہی میں ہالینڈ میں ہونے والی ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تاہم دنیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کی وجہ سے پلیئرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا جس کا فائدہ ایشین گیمز کے دوران ہوگا۔

ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی صورت میں قومی ٹیم اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پاکر انھیں اس قابل بنایا جائے گا کہ گرین شرٹس ایشین گیمز کے دوران عوامی توقعات کے مطابق کھیل پیش کرسکیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔