فوج انتخابات نہیں کروا رہی، صرف قیام امن میں مدد کرے گی، سیکریٹری الیکشن کمیشن

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 13 جولائی 2018
امیدواروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خطرہ موجود ہے، جیپ کا نشان الاٹ کرنے میں کوئی سازش نہیں، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

امیدواروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خطرہ موجود ہے، جیپ کا نشان الاٹ کرنے میں کوئی سازش نہیں، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ فوج الیکشن نہیں کروا رہی، صرف قیام امن کیلیے مدد کرے گی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پشاور واقعے کی مذمت کرتا ہوں، الیکشن کمیشن بلور خاندان سے تعزیت کرتا ہے، امن و امان کا مسئلہ معمولی نہیں ہے، آئین کے تحت تمام اداروں کی مدد لیتے ہوئے قوم کیلیے شفاف انتخابات کرائیں گے،پاک فوج کو جو اختیارات دیے گئے وہ اس سے پہلے ضمنی انتخابات میں بھی دیے جا چکے ہیں، پاک فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ بھی بڑی سیاسی جماعتوں نے کیا تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ فوج الیکشن نہیں کروا رہی، فوج الیکشن کروانے میں پُرامن ماحول کے لیے مدد کرے گی، انتخابات ایکٹ2017کے تحت انتخابات ہوں گے،سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کو سکیورٹی خطرات سے صوبائی حکومتوں کو آگاہ کر دیا تھا، 17 ہزار حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کا کام مکمل ہو چکا ہے، انتخابات اپنے مقررہ وقت پر کرائیں گے اور اس کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا خیبرپختونخوا میں بیلٹ پیپرز پرنٹ ہو چکے، ترسیل (آج) جمعہ سے شروع ہو جائیگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔