بلدیہ عظمیٰ؛ انتخابی امیدوار پرچم، پوسٹرز اور بینرز لگانے کے لیے رقم ادا کرنے کے پابند

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 جولائی 2018
سیاسی اشتہارات لگانے والوں پر چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔ فوٹو: فائل

سیاسی اشتہارات لگانے والوں پر چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں سے شاہراہوں ، سڑکوں اورچوراہوں پر بینرز، پوسٹرز، پورٹریٹ، ہینڈ بلز، جھنڈے لگانے کے لیے اپنے لیٹر ہیڈ پر کے ایم سی کے محکمہ فنانس سے رابطہ کرنے کے لیے کہا ہے تاکہ انھیں مقرر کیے گئے ریٹ کے مطابق باقاعدہ اجازت نامہ جاری کیا جاسکے۔

بلدیہ عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے شہر کی حدود میں سیاسی اشتہارات کی اشاعت بشمول ہینڈ بلز ، پوسٹرز، جھنڈوں اور بینرز کے سائز اور نرخ مقرر کردیے ہیں جس کے مطابق پولز پر لگائے گئے پورٹریٹ اور باندھے گئے بینرز اور دیگر اشتہاری مواد کے نرخ لاگو ہوں گے۔

3×6 اسکوائر فٹ کے بینر لگانے پر 100 روپے فی دن ہوں گے جبکہ 2×3 اسکوائر فٹ پورٹریٹ کے چارجز مبلغ 100 روپے فی دن ،18×23 انچ پوسٹرایک روپیہ فی دن ، ہینڈ بلز، پمفلٹ، لیف لیٹ جس کا زیادہ سے زیادہ سائز 9×6 انچ ہونا چاہیے ایک روپیہ چارجز ہوں گے جبکہ لگائے جانے والے سیاسی پرچموں کے لیے فی پرچم ایک روپیہ چارج کیے جائیں گے ، یہ چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔