آرمی چیف نے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
دہشت گردوں نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جیلوں پر بھی حملے کئے، آئی ایس پی آر (فوٹو : فائل)

دہشت گردوں نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جیلوں پر بھی حملے کئے، آئی ایس پی آر (فوٹو : فائل)

 راولپنڈی: ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فورسز پر حملوں اور تعلیمی اداروں کی تباہی میں ملوث 12 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ  نے 12خطرناک دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ ان دہشت گردوں کو خصوصی فوجی عدالتوں نے سزا ئیں سنائیں جب کہ 6 دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ دہشت گرد فورسز پر حملوں اورتعلیمی اداروں کی تباہی میں ملوث تھے اور انہوں نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جیلوں پر بھی حملے کئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے مجموعی طور پر 7 عام شہریوں اور 92 سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید اور ان کےحملوں میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے۔ عبدالغازی ولد سبیل خان لیفٹیننٹ کرنل یوسف اور دیگر جوانوں کے قتل میں ملوث تھا جب کہ ضیاء الرحمان ولد پیرزادہ اور جاوید نور ولد نورزادہ ایس پی بنوں سمیت 7 اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔ غنی رحمان ولد فضل رحمان بنوں اور ڈی آئی خان جیل پر حملوں میں ملوث تھا اور اس کےدہشتگرد حملے میں کیپٹن فصیح سمیت 4 فوجی شہید جب کہ 12 زخمی ہوئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔