ریلی روکنے کے لئے وہی انتظامات کئے جو ماضی میں بھی ہوئے، نگراں وزیرداخلہ پنجاب

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018

لاہور: نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے ریلی کو روکنے کے لئے وہی انتظامات کئے جو پچھلی حکومتوں نے ایسے واقعات سے نمٹنے کے لئے کئے۔

پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی قیادت نے ریلی کی کوئی اجازت نہیں لی لیکن پنجاب بھر میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں، پولیس اور انتظامیہ نے ریلی کو روکنے کے لئے وہی انتظامات کئے جو پچھلی حکومتوں نے ایسے واقعات سے نمٹنے کے لئے کئے تھے،  (ن) لیگ کی قیادت کو نظر بند کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، نا ہی ایسا کیا گیا اور نا ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔

شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کو لاہور ایئرپورٹ جانے سے روکنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ایئرپورٹ حساس جگہ ہے جہاں صرف مسافر اور ملازمین داخل ہونے کے مجاز ہیں جب کہ ائیرپورٹ کے گردونواح پرباڑ لگی ہے اور اس میں کرنٹ ہے جس سے جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے لہذٰا عوام کو چاہئے کہ وہ اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔