نواز شریف اور مریم کیلیے اڈیالہ جیل میں تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں، آئی جی جیل پنجاب

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
نواز شریف اور مریم نواز کے لئے اڈیالہ جیل کے علاوہ  کسی اورجیل میں سیل نہیں بنایا گیا، رپورٹ ۔فوٹو: فائل

نواز شریف اور مریم نواز کے لئے اڈیالہ جیل کے علاوہ کسی اورجیل میں سیل نہیں بنایا گیا، رپورٹ ۔فوٹو: فائل

 راولپنڈی: آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا جب کہ جیل کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی گرفتاری کے حوالے سے  انسپکٹرجنرل جیل خانہ پنجاب مرزاشاہد سلیم بیگ  کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پنجاب بھرسے 141 لیگی کارکنوں کو جیلوں میں نظربند کیا گیا ہے اور ان میں کوئی بھی ایسا فرد نہیں جسے غیرقانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہو۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا، کیوں کہ ان کے لیے کسی اورجیل میں سیل نہیں بنایا گیا، اڈیالہ جیل میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ سندھ کی کسی جیل میں کوئی ہنگامی بنیادوں پر انتظام نہیں کیےگئے اور نوازشریف اور مریم نواز کو کراچی منتقل کرنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب گرفتاری کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کے طبی معائنے کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈاکٹرآصف کریں گے، طبی معائنہ اڈیالہ جیل میں کیا جائے گا اور اس دوران نیب حکام بھی موجود ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔