موبائل فون میں غیر اخلاقی ویڈیوز رکھنے والا سیاح ایئرپورٹ سے ہی واپس

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
سیاح کے موبائل فون میں جنسی تشدد اور نفرت آمیز مواد موجود تھا۔ فوٹو : فائل

سیاح کے موبائل فون میں جنسی تشدد اور نفرت آمیز مواد موجود تھا۔ فوٹو : فائل

 پرتھ: ملائیشیا کے سیاح کو موبائل فون میں جنسی اور تشدد آمیز ویڈیوز رکھنے پر آسٹریلیا کے ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کوالالمپور سے آسٹریلیا آنے والے سیاح کو پرتھ ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔ ملائیشین سیاح بدھ کے روز آسٹریلیا پہنچا تھا تاہم کسٹم حکام کو سامان کی چیکنگ کے دوران سیاح کے موبائل فون سے جنسی تشدد اور نفرت پر مبنی ویڈیوز ملی تھیں جو کہ آسٹریلین قوانین کے تحت قابل گرفت جرم ہیں۔

کسٹم حکام نے بدھ کے روز حراست میں لیے گئے سیاح کو آسٹریلین بارڈر فورس کے حوالے کیا جہاں دو دن تفتیش کے بعد 43 سالہ سیاح کا ویزا منسوخ کر کے اسے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر آج شب عمل درآمد کیا جائے گا تاہم امیگریشن قوانین کے تحت سیاح کے نام کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ بارڈر فورس کے کمانڈر مارک ولسن کا کہنا تھا کہ سیاح کے موبائل میں نہایت قابل اعتراض مواد موجود تھا۔

Perth

بارڈر فورس کمانڈر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی ویڈیوز رکھنے والا شخص ذہنی بیمار اور عادی مجرم ہوسکتا ہے اور آسٹریلیا کی سرزمین پر ایسے کسی جرم کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ امیگریشن کے سخت قوانین جرائم کی سرکوبی کے لیے مرتب کیے گئے ہیں جن کا بنیادی مقصد اپنے شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول دینا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔