ملک دشمنوں سے لڑتے رہیں گے، سراج رئیسانی کی شہادت سے قبل گفتگو

خبر ایجنسی  ہفتہ 14 جولائی 2018
عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مرکزی رہنما بلوچستان عوامی پارٹی۔ فوٹو: فائل

عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مرکزی رہنما بلوچستان عوامی پارٹی۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما حلقہ پی بی 35 سے نامزد امیدوار نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے اور ملک دشمن قوتوں کو کسی بھی صورت ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بلوچستان کی عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور جو ہمارے دشمن ہیں ان کے عزائم کو ہم کسی بھی صورت یہاں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان عوامی پارٹی اقتدار میں آکر بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی دے گی، ملک کی خاطر سب کچھ قربان کریں گے کیونکہ اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اس کیلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

شہید سراج رئیسانی نے 2014 میں یوم آزادی پر سب سے بڑا قومی پرچم بنایا

بلوچستان عوامی پارٹی کے شہید رہنما سراج رئیسانی پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے۔ ایک ٹی وی کے مطابق انہوں نے 2014ء میںیوم آزادی کے موقعہ پر پاکستان کا سب سے بڑا قومی پرچم بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

انہوں نے یوم پاکستان کے موقعہ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا ’’ 23 مارچ، یوم پاکستان آپ سب کو مبارک ہو، ہم اپنی پاک افواج پر ناز کرتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ اللہ نے ہمیںایسے بہادر پاک فوج کے جوانوں سے نوازا ہے، ہم پاک فوج کے جوانوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ انشااللہ آپ کے شانہ بشانہ اس پاک وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان زندہ باد، بلوچستان پائندہ باد! ‘‘۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔