جونیئر اسنوکر؛ قومی کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اترپائے

زبیر نذیر خان  ہفتہ 14 جولائی 2018
محمد نسیم اختر اعزاز کا دفاع نہیں کرسکے، حارث طاہر اورعمر خان بھی ناکام۔ فوٹو: فائل

محمد نسیم اختر اعزاز کا دفاع نہیں کرسکے، حارث طاہر اورعمر خان بھی ناکام۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان  کے قومی جونیئر کھلاڑی آئی بی ایس ایف عالمی انڈر18 اورعالمی انڈر21 اسنوکر چیمپئن شپ میں توقعات پر پورا نہیں اترسکے۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے نوید کپاڈیہ نے کہا کہ قوی امید تھی  کہ عالمی انڈر18 ایونٹ کے دفاعی چیمپئن محمد نسیم اختر  اپنے اعزاز کے کامیاب دفاع کے ساتھ عالمی انڈر21  ٹائٹل بھی پاکستان کو دلوانے میں کامیاب رہیں گے، ساہیوال سے تعلق رکھنے والے محمد نسیم اختر نے بھرپور فارم دکھائی مگر قسمت نے یاوری نہیں کی  اور وہ 32 کھلاڑیوں کے راؤنڈ تک پہنچنے کے بعد ہمت ہار گئے۔

دوسری جانب لاہور سے تعلق رکھنے والے قومی انڈر18 چیمپئن عمر خان  اپنی فارم کھو بیٹھے اور توقع کے مطابق پرفارمنس دینے میں ناکام رہے، حارث طاہر نے رواں سال برما میں کھیلے  جانے والی ایشین انڈر 21 چیمپئن شپ کے فائنل میں زبردست کارکردگی دکھائی تھی، وہ بھی  زیادہ بہتر فرمارمنس پیش نہیں کرسکے۔

ایک سوال کے جواب میں نوید کپاڈیہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ایونٹس میں شریک دنیا کے بہترین ینگ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے تھے لیکن سچی بات یہ ہے کہ ہمارے قومی جونیئر کھلاڑی امیدوں پر نہ اترے اور پاکستان کوئی اعزاز نہیں حاصل کرسکا تاہم ان مقابلوں میں شرکت سے ہمارے کھلاڑیوں کو بھر پور اعتماد حاصل ہوا اور انٹرنیشنل تجربہ پانے سے ان  کو اپنی اہلیت اور صلاحیت کا بھی اندازہ ہوا، اس امر کو مد مظر رکھ کر وہ آئندہ مستقبل میں زیادہ بہترکارکردگی پیش کرسکتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔