ایشین گیمز؛ پاکستانی دستے کی شرکت تاحال غیر یقینی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 14 جولائی 2018
منتظمین کی جاری کردہ ڈیڈ لائن میں چند روز باقی،جواب کے منتظر۔ فوٹو: فائل

منتظمین کی جاری کردہ ڈیڈ لائن میں چند روز باقی،جواب کے منتظر۔ فوٹو: فائل

لاہور: آئندہ ماہ انڈونیشیا میں شیڈول ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی شرکت کیلیے 12کروڑ گرانٹ کی منظوری کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہ کیا جاسکا۔

ایشین گیمز 18 اگست سے 2 ستمبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شیڈول ہیں جس  میں تمام ایشیائی ممالک سمیت  پاکستان کے بھی300 سے زائد دستے  ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

پاکستانی دستے کی گیمز میں شرکت کیلیے پی ایس بی نے حکومت سے 12کروڑ کی گرانٹ کی منظوری مانگی تھی جس پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ پاکستانی دستے کے رہائشی چارجز اور ڈمیج چارجز کے حوالے سے ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو دی جانیوالی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے حوالے سے بھی چند روز باقی رہ گئے ہیں۔

پی او اے نے ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کو 2لاکھ 70ہزار ڈالرز رہائش اور 30 ہزار امریکی ڈالرز ڈمیج چارجز کی مد میں ادا کرنے ہیں، اس حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان اعظم ڈار کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے قومی دستے کے اخراجات کی منظوری کی سمری  بھجوا دی گئی ہے، اس سمری کی منظوری کے ساتھ ہی ادائیگی  پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو کردی جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔