فلم میکرز اور فنکار ایک ٹریک پر ہیں، جلد انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی پالیں گے، مہوش حیات

قیصر افتخار  ہفتہ 14 جولائی 2018
منفرد موضوعات پر بننے والی فلمیں شائقین کی توجہ کا مرکزہیں،معیاری فلمسازی نے فلم بینوں کو دوبارہ سینماگھروں تک پہنچا دیا ہے۔ فوٹو: فائل

منفرد موضوعات پر بننے والی فلمیں شائقین کی توجہ کا مرکزہیں،معیاری فلمسازی نے فلم بینوں کو دوبارہ سینماگھروں تک پہنچا دیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: اداکارہ و ماڈل مہوش حیات نے کہا ہے کہ نوجوان فلم میکر اور فنکار مل کر ایک ایسے ٹریک پر آگے بڑھ رہے ہیں جس کے ذریعے بہت جلد ہم انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی پالیں گے۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ فنون لطیفہ میں فلم ایک ایسا شعبہ ہے جو لوگوں کے سب سے قریب ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف فنکاروں کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد آج بھی موجود ہے، جو ان کے کام کو پسند کرتی تھی بلکہ ان کے متعارف کروائے گئے ملبوسات، ہیئر سٹائل، جیولری، جوتے اور دیگر کو آج بھی سراہتی ہے۔ یہ ایک فلم اسٹار کی سب سے بڑی خوبی اور کامیابی مانی جاتی ہے۔

مہوش حیات نے کہا کہ آج کا دور جدید ٹیکنالوجی ہے اور اب جس طرح سے فیشن کی دنیا میں حیرت انگیز تبدیلی آچکی ہے، اسی طرح فلمسازی کے کام اوراس شعبے سے وابستہ لوگوں کی سوچ بھی بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کارپوریٹ سیکٹر فلمسازی کے شعبے میں نمایاں کام کر رہا ہے۔ ان کی بدولت جہاں نوجوان فلم میکر منفرد موضوعات پرفلمیں بنا رہے ہیں، وہیں کمرشل ازم کے فروغ او رکارپوریٹ سیکٹر کی پراڈکٹس کی تشہیربھی بڑی خوبی سے ہو رہی ہے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں فلم انڈسٹری جس بحران سے دوچارتھی، اس کی بہتری کی بات کرنا ایک دور میں بالکل جھوٹ لگتا تھا مگر اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ نوجوان فلم میکر اور فنکار مل کر ایک ایسے ٹریک پر آگے بڑھ رہے ہیں جس کے ذریعے بہت جلد ہم انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی پالیں گے۔ آسکر ایوارڈز تک پاکستانی فلموں کا پہنچنا ایک دور میں خواب لگتا تھا مگر اب ہماری فلموں کی نامزدگی ہونے لگی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہماری فلمیں نہ صرف آسکر ایوارڈ جیتاکریں گی بلکہ ہمارے فنکاروں کو ہالی ووڈ میں کام کی پیشکش ہوا کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔