آسیہ اندرابی کا انٹرویو شائع کرنے والے کشمیری صحافی کی نئی دہلی طلبی

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جولائی 2018
صحافی عاقب جاوید نے رواں سال جنوری میں آسیہ اندرابی کا انٹرویو کیا تھا۔ فوٹو : فائل

صحافی عاقب جاوید نے رواں سال جنوری میں آسیہ اندرابی کا انٹرویو کیا تھا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: زیر حراست حریت پسند خواتین رہنماؤں سے تفتیش کرنے والے بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے نے معروف کشمیری صحافی عاقب جاوید کو بھی نئی دہلی طلب کرلیا۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے تفتیشی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دخترِ ملت کی چیئر پرسن آسیہ اندرابی سے تعلق رکھنے پر کشمیری صحافی عاقب جاوید کو 15 جولائی کو نئی دہلی طلب کر لیا ہے جہاں سپرنٹنڈنٹ وکاس کتھیریا اُن سے تفتیش کریں گے۔

کشمیری صحافی عاقب جاوید کا واحد جرم حریت پسند خاتون رہنما آسیہ اندرابی کا انٹرویو کرنا تھا جو 15 جنوری کو ہفتہ وار میگزین میں شائع ہوا تھا۔ اس انٹرویو میں آسیہ اندرابی نے بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت، آئندہ ہونے والے انتخابات اور حریت پسند جماعتوں کی جدوجہد پر کھل کر گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ 23 مارچ 2018ء کو یوم پاکستان کے موقع پر آسیہ اندرابی نے سبز ہلالی پرچم لہرایا تھا جس پر بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے اپریل میں آسیہ اندرابی سمیت دو ساتھی خواتین کو حراست میں لے لیا تھا بعد ازاں تینوں خواتین رہنماؤں کو 6 جولائی کو غیر قانونی طور پر سری نگر جیل سے نئی دہلی منتقل کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔