جس انقلاب کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا تھا وہ اڈیالہ پہنچ گیا، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جولائی 2018
شہباز شریف روز اول ہی سے اس "انقلاب" سے دامن چھڑوانے کیلئے کوشاں ہیں، ترجمان تحریک انصاف فوٹو:فائل

شہباز شریف روز اول ہی سے اس "انقلاب" سے دامن چھڑوانے کیلئے کوشاں ہیں، ترجمان تحریک انصاف فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جس انقلاب کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا تھا وہ اڈیالہ پہنچ گیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی ریلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت شور سنتے تھے پہلو میں دل کا، جو چیرا تو اک قطرہ خون نکلا، جس “انقلاب” کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا تھا وہ اپنا سا منہ لے کر اڈیالہ پہنچ گیا، “انقلاب” آ کے چلا بھی گیا، شہباز شریف ماڈل ٹاؤن سے بھی نہ نکل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

فواد چوہدری نے کہا کہ قوم روز اول سے جانتی ہے کہ شہباز شریف روز اول ہی سے اس “انقلاب” سے دامن چھڑوانے کیلئے کوشاں ہیں، پانامہ لیکس سے آج تک قوم کو گمراہ کرنے کیلئے ہر حربہ آزمایا گیا، العزیزیہ اور ہل میٹل کے فیصلے آنا باقی ہیں، کرپشن کی سیاہ رات انجام پذیر ہے اور اجالا نمودار ہوا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ کرپشن کے جرم میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز گزشتہ رات لندن سے لاہور پہنچے تھے۔ نیب نے انہیں فوری طور پر حراست میں لے کر اسلام آباد روانہ کردیا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور میں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ریلی بھی نکالی تاہم انتظامیہ نے مسلم لیگ کے کارکنوں کو ائرپورٹ تک پہنچنے کی اجازت نہ دی جس پر شہباز شریف نے ریلی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔