ایپل کی نئی نوٹ بک میں سیلیکون سے ڈھکا کی بورڈ متعارف

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جولائی 2018
کی بورڈ کا ہر ایک بٹن سیلیکون کی جھلی سے ڈھکا ہوا ہے (فوٹو : آئی فیکسزٹ)

کی بورڈ کا ہر ایک بٹن سیلیکون کی جھلی سے ڈھکا ہوا ہے (فوٹو : آئی فیکسزٹ)

کیلی فورنیا: لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کے کی بورڈ میں بٹن کے اندر مٹی، پانی اور دیگر نقصان دہ ذرات کے داخلے کو روکنے کے لیے نیا طریقہ کار ڈھونڈ لیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل کے 15 انچ طویل اس نئے لیپ ٹاپ میں جہاں کئی اور خاصیتیں موجود ہیں وہاں اس کے کی بورڈ کو مٹی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک ایک بٹن کو سلیکیون سے ڈھانپا گیا ہے۔

ایپل کی نئی میک بک لیپ ٹاپ کے کی بورڈ کے حوالے سے شکایتیں موصول ہورہی تھیں جس پر کمپنی نے شکایتوں کا ازالہ کرتے ہوئے نئے لیپ ٹاپ کی ایک ایک Key  کو سیلیکون کی جھلی کے ذریعے اس حد تک محفوظ کردیا ہے کہ اس میں مٹی اور پانی داخل نہیں ہوسکتا۔

کی بورڈ کے ہربٹن کے زیریں حصے میں یہ سیلیکون کی جھلی موجود ہے جس سے بٹن کے نازک اور چپ والے حصے تک مٹی اور دیگر مضر ذرات نہیں پہنچ سکتے۔ اسے ’ کی بورڈ کا محافظ نظام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ایپل کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس طریقہ کار سے صارفین کی شکایات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔

واضح رہے کہ ایپل کمپنی نے 2015ء میں Butterfly Switch  متعارف کرایا تھا تاہم صارفین کی جانب سے کی بورڈ میں مٹی اور دیگر مضر ذرات کے باعث کارکردگی میں کمی سے متعلق شکایت موصول ہوئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔