وزارت تجارت کا ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

وقائع نگار خصوصی  اتوار 15 جولائی 2018
چیمبرزبنانے،عہدیداروں کی استعدادومتعلقہ امورکیلیے استعمال،قواعدپرکام جاری ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

چیمبرزبنانے،عہدیداروں کی استعدادومتعلقہ امورکیلیے استعمال،قواعدپرکام جاری ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت تجارت نے ملک میں تجارتی تنظیموں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے متعلقہ افراد کی استعداد کار بہتربنانے کے لیے ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق وزارت تجارت نے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ کے تحت ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے تجارتی اداروں و تنظمیوں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی استعدادکار بہتربنانے کے لیے پروگرام شروع کیے جائیں گے اور تجارتی شعبے سے منسلک افراد کو تجارتی قوانین کے بارے میں آگہی فراہم کی جائے گی۔

ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ کے لیے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں گرانٹس فراہم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ریگولیٹر کی جانب سے نئے اداروں کی رجسٹریشن فیس سے حاصل ہونے والی رقم اور تجارتی اداروں پر عائد کیے جانے والے جرمانے کی رقم اس فنڈ میں جمع کی جائے گی، اس کے ساتھ مقامی و غیرملکی امدادی اداروں اور ایجنسیوں کی جانب سے بھی مالی تعاون فراہم کیا جائے گا اور وہ رقم بھی ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق اس فنڈ کو استعمال کرنے کے حوالے سے قوانین وفاقی حکومت مرتب کرے گی اور تمام تر اخراجات کے حوالے سے طریقہ کار وفاقی حکومت کی جانب سے ہی متعین کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایاکہ ٹریڈ آرگنائزیشن فنڈ کے قوانین پر وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ وزارتیں کام کر رہی ہیں جنھیں جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق موجودہ چیمبرز کے عہدیداران کی استعدادکار بہتر بنانے بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں نئے چیمبرز کے قیام کے لیے بھی اس فنڈ میں سے رقم مختص کرنے کی تجویز ہے اور مختلف کاروباری اداروں کواپنی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اس فنڈ میں سے امداد دی جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔