امریکا میں چڑیا گھر سے تیندوا فرار، 6 جانوروں کو ہلاک کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 15 جولائی 2018
فرار ہونے والے تیندوے کی عمر 3 سے 4 سال کے درمیان ہے۔ فوٹو : فائل

فرار ہونے والے تیندوے کی عمر 3 سے 4 سال کے درمیان ہے۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا کے چڑیا گھر سے ایک تیندوے نے اپنے پنجرے سے فرار ہو کر 6 جانوروں کو ہلاک کر دیا۔

اورلیئنز کے چڑیا گھر اوڈوبون کے پنجرے سے ایک تیندوا فرار ہو گیا اور چڑیا گھر میں موجود 4 امریکی بھیڑوں، ایک آسٹریلوی شتر مرغ اور ایک لومڑی کو حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ چڑیا گھر کے ایک ملازم نے تیندوے کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا تاہم ابھی تک تیندوا چڑیا گھر کے احاطے میں ہی کہیں چھپا بیٹھا ہے۔

چڑیا گھر سے تیندوے کے فرار ہونے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا تاہم انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تاحال کسی انسان کے تیندوے کے حملے میں زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تیندوا ابھی رہائشی علاقے تک نہیں پہنچا۔

انتظامیہ نے تیندوے کے فرار ہونے کے بعد چڑیا گھر کو بند کردیا ہے تاہم امید کی جارہی ہے کہ ریسکیو کارروائی کے بعد چڑیا گھر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ فرار ہونے والے تیندوے کی عمر 3 سے 4 سال کے درمیان ہے اور یہ ایک نر تیندوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔