نیب پر شریف خاندان کیخلاف تحقیقات کے معاوضے کی عدم ادائیگی کا الزام

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی والیم دس کی فراہمی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی والیم دس کی فراہمی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: غیر ملکی کمپنی نے قومی احتساب بیورو (نیب) پر شریف خاندان کیخلاف تحقیقات کا معاوضہ ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم دس کی فراہمی کے لیے دائر درخواست کی اپنے چیمبر میں سماعت کی۔ عدالت نے غیر ملکی کمپنی ’براڈشیٹ، ایل ایل سی‘ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے منظور کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست 20 جولائی کے بعد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: جے آئی ٹی رپورٹ کے والیوم 10 کے حصول کیلیے مقدمہ سماعت کیلیے مقرر

غیر ملکی کمپنی نے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم دس کی فراہمی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔  ’براڈشیٹ، ایل ایل سی‘نے بیرون ملک نیب کے خلاف واجبات کی ادائیگی کے لیے قانونی چارہ جوئی کر رکھی ہے۔ کمپنی نے اس سلسلے میں پاکستان میں جے آئی ٹی کا والیم دس فراہم کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

غیر ملکی کمپنی کا موقف ہے کہ اس نے نیب کو شریف خاندان کے غیر ملکی اثاثوں کی معلومات کے حوالے سے خدمات فراہم کیں، لیکن نیب نے اس کی خدمات کے لاکھوں ڈالر ادا نہیں کیے۔ نیب کی جانب سے واجبات ادا نہ کرنے پر کمپنی نے بیرون ملک عدالت سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔